باجوڑ حلقہ این 40سے آزاد امیدوااور باجوڑ یوتھ جرگہ کے سابق چیئر مین سید صدیق اکبر عوامی نیشنل پارٹی کے نامزد امیدوار گل افضل کے حق میں دستبردارہوگئے اور عوامی نیشنل پارٹی میں شمولیت کا اعلان بھی کردیا۔تفصیلات کے مطابق حلقہ این اے40سے کاغذات نامزدگی جمع کرانے والے مسلم لیگ کے سینئر رہنماء اور باجوڑ یوتھ جرگہ کے سابق چیئرمین سیدصدیق اکبر عوامی نیشنل پارٹی کے نامزد امیدوار گل افضل کے حق میں دستبردار ہوگئے اور عوامی نیشنل پارٹی میں شمولیت کا باقاعدہ اعلان بھی کردیا۔سید صدیق اکبر کی اے این پی میں شمولیت اور گل افضل کے حق میں دستبرداری کیلئے تقریب باجوڑ پریس کلب میں منعقد ہوئی اور پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے گل افضل کے حق میں دستبرداری اور اے این پی میں باقاعدہ شمولیت کا اعلان کیا۔ اس موقع پر اے این پی باجوڑکے صدر عطا ء اللہ خان لالا،گل افضل،عبد المنان کاکاجی،شاہ نصیر مست خیل،لعلی شاہ پختونیار،اجمل خان تنہا سمیت دیگر درجنوں کارکنان بھی موجود تھے اس موقع پر داود جان، مسلم جان، تاج محمد، شیر عالم، افتاب،ملک امیر زمان ودیگر نے اپنے خاندانوں سمیت اے این پی میں شمولیت کا اعلان کیا۔ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سید صدیق اکبر نے کہا کہ اے این پی پختونوں کی واحد نمائندہ جماعت ہے نواز شریف پنجابیوں اور زرداری سندھ کیلئے جبکہ دیگر سیاسی دھڑوں اور قائدین اپنے اپنے صوبوں کیلئے لڑ رہے ہیں پشتون بیلٹ کو ہر موقع پر نظر انداز کر کے ان کے پر امن علاقوں کو میدان جنگ میں تبدیل کیا گیا جو سراسر ظلم اور ناانصافی ہے اس احساس نے مجھے اے این پی میں شمولیت اختیار کرنے پر مجبور کیا۔