محکمہ لائیو سٹاک کی جانب سے مویشی پال افراد کو سہولیات کی فراہمی کے لیے ویٹرنری اسسٹنٹس کو موٹر سائیکلیں فراہم کرنے کا منصوبہ بنایا گیا ہے۔ اس منصوبے کا مقصد ملازمین کی کارکردگی کوبہتر بنانا ہے۔مویشی پال حضرات جانور بیر ہونے کی صورت میں 9211 پر کال کر کے ویٹرنری اسسٹنٹ کو مدد کے لیے بُلا سکتے ہیں جو جانوروں کے علاج کے ساتھ ساتھ ان کی ویکسی نیشن بھی کریں گے۔ اسی سلسلے میں محکمہ لاِ ئیو سٹاک کے زیر اہتمام گزشتہ روز محکمہ لائیوسٹاک کے مرکزی دفتر سول کالونی خار میں چودہ ویٹرنری اسسٹنٹس میں موٹر سائیکلیں تقسیم کی گئیں۔تقریب کے مہمان خصوصی ڈائریکٹر لائیوسٹاک قبائلی اضلاع ملک آیاز اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر احمد یونس تھے جبکہ محکمے کے دیگر افسران نے بھی شرکت کی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈائریکٹر لائیو سٹاک نے کہا کہ حکومت لائیو سٹاک کی ترقی اوردیہات میں مویشی پال حضرات کی بہتری کے لیے گراں قدر عملی اقدامات کر رہی ہے۔ان کے مطابق مویشی پال حضرات کو چاہیے کہ وہ لائیو سٹاک ملازمین کے مشورے اور جدید ٹیکنالوجی کو اپناتے ہوئے دودھ اور گوشت کی پیداوار میں اضافہ کریں۔ان کا کہنا تھا کہ ان مشوروں پر عمل پیرا ہو کر کسان ملک کی غذائی ضروریات کو پورا کرنے کے ساتھ ساتھ اپنی معاشی حالت کو بھی بہتر بنا سکتے ہیں۔ محکمہ لائیو سٹاک کے افسران اور ملازمین کو بھی چاہیے کہ وہ اپنے فرائض پوری تندہی سے سرانجام دیں۔ ڈائریکٹر احمد یونس کا کہنا تھا کہ حکومت ملکی معیشت میں ترقی لانے کے لیے کسانوں اور کم آمدنی والے افراد کو ساتھ لے کر چل رہی ہے جس کی واضح مثال لائیو سٹاک کی بہتری کے لیے اٹھائے جانے والے اقدامات ہیں۔