سابق ایم این اے شہاب الدین خان کے بیٹے جلال خان کو جیل سے رہا کردیاگیا۔
گزشتہ پشاور ہائیکورٹ کے سوات بنچ نے جلال الدین خا ن عبوری ضمانت منظور کرتے ہوئے رہائی کے احکامات جاری کئے۔ جلال الدین خان کو گزشتہ ماہ تحصیل سلارزئی کے علاقہ پشت میں ڈپٹی کمشنر باجوڑ عثمان محسود نے کھلی کچہری کے دوران افراتفری پھیلانے اور کار سرکار میں مداخلت کرنے پر تین ایم پی او کے تحت گرفتار کرکے ہری پور جیل منتقل کیاتھا۔ رہائی کے بعد جلال الدین خان بدھ کے روزضلع باجوڑ پہنچنے تومہمند اور باجوڑ کے درمیان واقع سرحدی علاقہ مامدگٹ کے مقام پر ان کے استقبال کیلئے حامیوں کی ایک بڑی تعداد موجودتھی اور جلال الدین خان کو درجنوں گاڑیوں اور موٹرسائیکلوں کے قافلوں میں آبائی علاقہ پشت لایاگیا۔ استقبالیہ ریلی سے خطاب کرتے ہوئے شہاب الدین خان کے فرزند جلال الدین خان نے کہا کہ میں پوری قوم کا شکر گذار ہوں جنہوں نے اس جدوجہد میں ہمارا ساتھ دیا۔ آج ثابت ہوا کہ میں صرف شہاب الدین خان کا بیٹا نہیں بلکہ میں پورے قوم کا بیٹا ہوں اس لیے آج پورا قوم میرے استقبال کیلئے نکل آیا ہے۔ ریلی سے خطاب کرتے ہوئے شہاب الدین خان نے کہا کہ میں تمام سیاسی جماعتوں، سیاسی قائدین، صحافی برادری اور تمام قوم کا شکر گذار ہوں جنہوں نے ایف سی آر کے خلاف اس جدوجہد میں ہمارا ساتھ دیا اور ہمارے شانہ بشانہ کھڑے رہے۔ انہوں نے کہا کہ ایف سی آر کا جنازہ تو گذشتہ رمضان المبارک میں ہی ہم نے نکال دیا تھا اور عجیب اتفاق یہ ہے کہ آج جلال الدین خان نے آپ کے دعاؤں سے ایف سی آر کے باقیات کا جنازہ نکال دیاتھا۔ آج کے بعد ہم قانون کے غلام اور قانون کے ماتحت ہوں گے ہم کسی کے غلامی اب قبول نہیں کریں گے بلکہ جو حقوق دیگر بندوبستی علاقوں کے لوگوں کو حاصل ہیں وہ آئینی اور قانونی حق ہمیں بھی حاصل ہوگا۔
سابق ایم این اے شہاب الدین خان کے بیٹے جلال الدین خان کی جیل سے رہائی
You might also like