پاکستان میں کورونا وائرس کے 2 کیسز سامنے آگئے

0

جیونیوز کے مطابق پاکستان میں کورونا وائرس کے 2 کیسز سامنے آگئے ہیں اور وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے بھی دونوں کیسز کی تصدیق کی ہے۔

کورونا وائرس کا پہلا کیس کراچی میں سامنے آیا ہے اور ایک 22 سالہ شخص یحییٰ جعفری میں وائرس کی تصدیق ہوئی ہے  جبکہ دوسرے مریض سے متعلق فی الحال مزید معلومات فراہم نہیں کی گئی ہیں۔

 وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے پاکستان میں کورونا وائرس کے 2 کیسز کی تصدیق کرتے ہوئےکہا ہے کہ  دونوں مریضوں کا اسپتال میں علاج کیا جارہا ہے اور دونوں کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

معاون خصوصی کے مطابق پریشانی کی کوئی بات نہیں ، صورتحال قابو میں ہے ، کل تافتان سے واپسی پر پریس کانفرنس کروں گا۔

دوسری جانب ترجمان محکمہ صحت سندھ نے تصدیق کی ہے کہ  یحییٰ جعفری اور اس کے اہلخانہ کو مخصوص وارڈ میں منتقل کردیا گیا ہے ۔

ترجمان کے مطابق یحییٰ جعفری نامی نوجوان چند روز قبل ہوائی جہاز کے ذریعے ایران سے کراچی پہنچا ہے۔

حفاظتی انتظامات کے تحت متاثرہ شخص کے اہلخانہ کی بھی نگرانی کی جارہی ہے اور انہیں بھی مخصوص وارڈ میں منتقل کردیا گیا ہے۔

ترجمان کے مطابق متاثرہ شخص کے ساتھ سفر کرنے والے دیگر افراد کا ڈیٹا بھی حاصل کیا جارہا ہے۔

حکام  کے مطابق 18 فروری سے متاثرہ شخص کو نزلہ اور بخار کا سامنا تھا اور آج26 فروری کو مریض کو اسٹیڈیم روڈ پر نجی اسپتال میں داخل کیا گیا۔

ترجمان سندھ حکومت مرتضٰی وہاب کا کہنا ہے کہ متاثرہ شخص کو فوری طور پر آئسولیشن وارڈ منتقل کردیا گیاہے جب کہ اس کے ساتھ جہاز میں سفر کرنے والے دیگر افراد کو بھی تلاش کررہے ہیں۔

متاثرہ شخص کو ائیرپورٹ پر اسکین نہیں گیا گیا،مرتضیٰ وہاب

مرتضیٰ وہاب کا کہنا ہے کہ یحیٰی جعفری کو ائیرپورٹ پر اسکین نہیں گیا گیا تھا، ائیرپورٹ صوبائی حکومت کے نہیں وفاقی حکومت کے کنٹرول میں ہیں،ائرپورٹ پر فوری طور پر نگرانی بڑھانے کی ضرورت تھی۔

سندھ حکومت کے ترجمان کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کی روک تھام کے لیے سندھ حکومت تمام اقدامات کررہی ہے،کورونا وائرس سے متعلق کٹس موجود ہیں جو کہ اسپتال میں فراہم کردی گئیں ہیں،ایران سےآنے والی فلائٹس روکنا بھی ضروری قدم ہوگا۔

Courtesy Geo News

You might also like
Leave A Reply

Your email address will not be published.