اگر 18ویں ترمیم کو چھیڑا تو یہ ملک نہیں رہے گا، مولانا عطاالرحمٰن

0

جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سینیٹر مولانا عطاالرحمٰن نے کہا ہے کہ 18ویں ترمیم کو اگر چھیڑا تو یہ ملک ہی نہیں رہے گا، اس بل پر بحث ملک توڑنے کے مترادف ہے اور ہم اس ملک کو ٹوٹنے نہیں دیں گے۔

پیر کو سینیٹ کے اجلاس میں جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سینیٹر مولانا عطاالرحمن نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ بہت عرصے بعد آج ایوان میں بات کرنے کا موقع ملا ہے اور اس وقت جو موضوع زیر بحث ہے میں اس پر گفتگو کروں گا۔

ان کا کہنا تھا کہ این ایف سی ایوارڈ کو سوچے سمجھے منصوبے کے تحت زیر بحث لایا جارہا ہے اور اس وقت 18ویں ترمیم کو زیر بحث لانا یا این ایف سی ایوارڈ کو زیر بحث لانا ملک کو کمزور کرنے کی بات ہے۔

مولانا عطاالرحمٰن نے کہا کہ جمعیت علمائے اسلام (ف) نے جب یہ بازگشت پہلی بار سنی، پہلے تو ہم نے تمام اپوزیشن جماعتوں کے سربراہان سے رابطے کیے اور چاروں صوبوں میں ہم نے آل پارٹیز کانفرنسز کیں۔

انہوں نے کہا کہ اس معاملے پر بہت جلد قومی سطح پر آل پارٹیز کانفرنس بلائیں گے، اے پی سی کا موضوع بھی این ایف سی ایوارڈ اور 18ویں ترمیم ہے۔

اس موقع پر انہوں نے حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ یہ تمام افراد صرف مہرے ہیں، اصل لوگ سامنے نہیں آرہے، 18ویں ترمیم میں بھی ان کو جو درد ہے وہ این ایف سی ایوارڈ نہیں بلکہ ان کا اصل درد ان کے اپنے اختیارات کی کمی ہے اور یہ تمام معزز افراد ان کے مہرے ہیں اور ان کے کہنے پر کام کر رہے ہیں۔

جمعیت علمائے اسلام (ف) کے رہنما نے مزید کہا کہ آج بھی جو افراد پس پردہ حکومت کر رہے ہیں، ان کو اس قوم سے کچھ لینا دینا نہیں، وہ بس باہر کے ممالک کو خوش کر رہے اور اس ملک کو کھا رہے ہیں۔

انہوں نے خبردار کرتے ہوئے کہا کہ میں ان کو بتا دیتا ہوں کہ 18ویں ترمیم کو اگر چھیڑا تو یہ ملک ہی نہیں رہے گا اور جب یہ ملک نہیں رہے گا تو آپ لوگ کھائیں گے کیا؟

کسی کا نام لیے بغیر ان کا کہنا تھا کہ ‘آج تک ان لوگوں کے بجٹ کا کوئی حساب نہیں ہے، آپ لوگوں نے آج تک کونسی جنگ لڑی ہے، اپنا کام آپ سے ہوتا نہیں اور ملک کے اندر اس طرح کی بحث چھیڑ کر کے آپ لوگ کیا حاصل کرنا چاہتے ہیں؟

سینیٹر عطاالرحمٰن نے کہا کہ میں آج اس ایوان اور ان کو بھی وارننگ دیتا ہو، اگر اس بل پر اس طرح بحث کی گئی تو یہ ملک توڑنے کے مترادف ہوگا، ہم اس ملک کو توڑنے نہیں دیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر اپوزیشن نے مخالفت نہ کی تو جمعیت علمائے اسلام (ف) اس کی بھرپور مخالفت کرے گی، ہم گلیوں اور کوچوں میں اس کی مخالفت کریں گے۔

اس موقع پر تحریک انصاف کے رہنما علی محمد خان نے مداخلت کی کوشش کی تو مولانا عطاالرحمٰن نے کہا کہ آپ کو تو میں نے کچھ نہیں بولا، آپ لوگوں کو دیہاڑی پوری ملے گی۔

انہوں نے کہا کہ میں کسی اور کے خلاف بات کر رہا ہو تو ان کو کیوں تکلیف ہورہی ہے، آج ان کی دیہاڑی اچھی لگ گئی ہے۔

علی محمد خان نے ان کی گفتگو کے درمیان میں بولنے کی کوشش کی تو جمعیت علمائے اسلام (ف) کے رہنما نے انہیں جواب دیتے ہوئے کہا کہ آپ ہوتے کون ہے بولنے والے بیچ میں، ہاں۔

مولانا عطاالرحمٰن نے کہا کہ جی جب ہم اس بل کی مخالفت کریں گے تو دشمن ہی کھلائے گے لیکن آپ کو کیوں تکلیف ہورہی ہے۔

اس سے قبل پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما رضا ربانی نے کہا کہ کشمیر میں یوم شہدا کی کال دی گئی ہے لیکن یوم شہدا کے برعکس پاکستان نے 20 مئی کو آرڈیننس جاری کیا۔

انہوں نے کہا کہ آرڈیننس بھارتی جاسوس کو سزا کے خلاف اپیل کرنے کا حق دینے سے متعلق ہے اور یہ آرڈیننس رات کے اندھیرے میں جاری کیا گیا اور اس آرڈیننس کو خفیہ رکھا گیا جبکہ آرڈیننس پارلیمان میں پیش نہیں کیا گیا۔

اس موقع پر سینیٹر جاوید عباسی نے پاکستان کمیشن آف انکوائری ترمیمی بل 2020 ایوان میں پیش کیا۔

جاوید عباسی نے کہا کہ ملک میں ہونے والی بعض تحقیقات مکمل ہونے کے بعد ان رپورٹس کو خفیہ رکھا جاتا ہے، ان تحقیقاتی رپورٹس کو پبلک نہیں کیا جاتا، انکوائری کمیشن اگر پبلک نہیں ہوتی تو پارلیمان میں پیش کی جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر رپورٹس میں کوئی حساس معلومات یا مواد ہے تو کم سے کم پارلیمان میں پیش کی جائیں اور ان رپورٹس کو ان کیمرہ اجلاس میں پیش کیا جائے۔

اس موقع پر بابر اعوان نے کہا کہ اس قانون میں گنجائش موجود ہے، کمیشن تجویز دے سکتا ہے کہ اس رپورٹ کو پبلک کیا جائے یا نہیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کی پالیسی ہے کہ رپورٹس پبلک ہوں، رپورٹس ان کیمرہ نہیں بلکہ پبلک کی جائیں۔

بعد ازاں ایوان میں اس کے بعد دستور ترمیمی بل 2020 ایوان میں پیش کیا گیا اور اسے متعلقہ کمیٹی کے سپرد کردیا گیا۔

پاکستان تحریک انصاف نے بل پر اعتراض کرتے ہوئے کہا کہ بل پیش کرنے والے یا تو پارلیمانی نظام پر یقین نہیں رکھتے، پارلیمانی نظام کے تحت منی بل صرف نچلے ایوان سے منظوری ضروری ہوتی ہے، اگر یہ پارلیمانی نظام پر یقین نہیں رکھتے تو پھر صدارتی نظام لے آئیں۔

ولید اقبال کے صدارتی نظام سے متعلق بیان پر اپوزیشن نے ایوان میں احتجاج کیا جبکہ اپوزیشن نے بیرسٹر سیف کے بل کی مخالفت کی۔پاکستان پیپلز پارٹی کی سینیٹر شیری رحمٰن نے کہا کہ پاکستان میں پارلیمان انڈر اٹیک ہے، این ایف سی ایوارڈ کی بات کی جا رہی ہے، یہ تو عوام کے ساتھ عمرانی معاہدہ ہے۔

You might also like
Leave A Reply

Your email address will not be published.