وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ ہم نے فیصلہ کیا تھا کہ 10 ارب درخت لگائیں گے، 2 برس میں 30 کروڑ درخت لگائیں ہیں، ہماری نرسریوں میں پودے تیار ہیں اور آئندہ جون تک ایک ارب درخت لگا دیئے جائیں گے۔کہوٹہ میں وزیراعظم عمران خان نے مون سون شجر کاری مہم کا افتتاح کرتے ہوئے کہا کہ بدقسمتی سے پاکستان ان ممالک کی فہرست میں آتا ہے جہاں سب سے کم جنگلات باقی ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم نے 9 نئے نیشنل پارکس ڈکلیئر کردیے ہیں، نیشنل پارکس جنگلات کو بھی تحفظ فراہم کرتے ہیں۔وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ نرسریوں میں پودوں کی افزائش کا سلسلہ جاری ہے اور اگلے 5 برس میں بتدریج اپنے مقصد میں کامیاب ہوجائیں گے۔انہوں نے کہا کہ کہوٹہ میں جنگلات کی حفاظت اور ان کے تحفظ کے لیے 300 نگہبان علاقے میں موجود ہیں جن کی تعداد 3 ہزار تک کردی جائے گی تاکہ وہ جنگل کو آباد رکھیں۔ان کا کہنا تھا کہ نئی نسل جنگل اور درختوں کی اہمیت کو بہت سمجھتے ہیں۔وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ‘ہم نے فیصلہ کیا ہے تدریسی اداروں میں ہفتے میں دو گھنٹے بچوں کو شجر کاری سے متعلق آگاہی کےلیے وقف کیے جائیں گے۔