لاہور: وزیراعظم عمران خان نے عوامی بہبود کیلئے وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کے اقدامات پر اظہار اطمینان کرتے ہوئے کہا ہے کہ پنجاب حکومت نے انسداد کورونا کے لئے بہترین کام کیا۔وزیراعظم پاکستان عمران خان ایک روزہ دورے پر لاہور پہنچ گئے۔ ایوان وزیراعلی میں وزیراعظم عمران خان سے وزیراعلی پنجاب سردارعثمان بزدار نے ملاقات کی جس میں پنجاب کے امورپر بات چیت ہوئی۔وزیراعلی پنجاب نے صوبے میں آٹا گندم کی صورتحال اور انسداد کورونا اقدامات سے آگاہ کیا جبکہ بلوچستان میں حکومت پنجاب کے تعاون سے منصوبوں پر بھی اعتماد میں لیا۔حکومتی ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے ایک مرتبہ پھر سردار عثمان بزدار پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے واضح کردیا کہ پنجاب کے وزیراعلی سردار عثمان بزدار ہی رہیں گے۔
وزیراعظم عمران خان نے عوامی ریلیف کے لئے حکومت پنجاب کے اقدامات پر اظہار اطمینان کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ نے انسداد کورونا کے لئے بہترین کام کیا، حکومتی اقدامات کے باعث کورونا وائرس کے کیسز میں واضح کمی ہوئی، اب حالات بہتر ہورہے ہیں، اسمارٹ لاک ڈاؤن پر حکومت کی جانب سے ایس او پیز پر زبردست عملدآمد کروایا گیا۔
وزیر اعظم کو راوی روڈ اتھارٹی کے تحت لاہور میں نیا شہر بسانے سے متعلق بریف کیا گیا۔ عمران خان مون سون شجر کاری مہم کا آغاز بھی کرینگے، جس میں پودے لگانے کے لیے جاپانی ٹیکنالوجی کا استعمال متعارف کروایا جائے گا۔
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں وزیراعظم عمران خان سے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی ملاقات کے بعد عثمان بزدار کی تبدیلی کی افواہیں زور پکڑ گئی تھیں۔