وزیر اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان کا کہنا ہے کہ عید سے قبل پنجاب بھر کی مارکیٹیں بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ لاہور میں انسدادکورونا کابینہ کمیٹی کا ایوان وزیراعلیٰ میں اجلاس ہوا جس میں عیدالاضحیٰ کے لیے کورونا کا پھیلاؤ روکنے کے حوالے سے مختلف اقدامات کاجائزہ لیا گیا۔اجلاس کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیر اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے بتایا کہ آج سے سخت لاک ڈاون کا فیصلہ کیا گیا ہے جس کا اطلاق رات سے ہو گا۔فیاض الحسن چوہان کا کہنا تھا کہ پنجاب بھر کی مارکیٹیں آج رات 12 بجے سے 5 اگست تک بند رہیں گی جب کہ عید الفطر والی ایس او پیز کا نفاذ عیدالاضحیٰ پر بھی ہو گا۔انہوں نے واضح کیا کہ 5 اگست تک پنجاب کے تمام کاروباری اور تجارتی مراکز بند رہیں گے جب کہ تھیٹر، ریسٹورنٹس، تفریحی مقامات کھولنے کا معاملہ محرم کے بعد زیربحث لایا جائے گا۔دوسری جانب تاجران پاکستان تنظیم نے عید سے قبل بازار بند کرنے کے فیصلے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ فیصلہ کسی صورت قابل قبول نہیں ہے۔تاجران پاکستان کا کہنا تھا کہ حکومت پرامن تاجروں کو کیوں احتجاج کے راستے پر دھکیلنا چاہتی ہے؟ حکومت کی غلط حکمت عملی اور فیصلے ہی کورونا کو پھیلانے کا سبب بن سکتے ہیں۔خیال رہے کہ حکومت کی جانب سے عید سے قبل اسمارٹ لاک ڈاؤن کا فیصلہ کورونا سے بچاؤ کے لیے کیا گیا ہے۔