ڈیجیٹل میڈیا ونگ کے لیے موصول ہونے والی 500 درخواستوں کا جائزہ لینے کے بعد حکومت نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی سوشل میڈیا ٹیم کے سابق سربراہ عمران غزالی کو وزارت اطلاعات میں نو تشکیل شدہ شعبے کی سربراہی کے لیے تعینات کردیا۔اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کے 3 اگست کو جارہ کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق عمران غزالی کو منییجمنٹ پے 2 (ایم پی 2) کی تنخواہ پر جنرل منیجر مقرر کیا گیا ہے۔اس کے علاوہ وزارت نے ڈیجیٹل کمیونکیشن آفیسرز کے لیے 5 مزید تعیناتیاں کی ہیں جس میں شہباز خان، عثمان بن ظہیر، نعیم احمد یٰسین اور سیدہ دھنک ہاشمی کو ایم پی 3 کے پے اسکیل پر تعینات کیا گیا، محمد مزمل کو ڈیجیٹل میڈیا کنسلٹنٹ کے طور پر ایم پی 3 اسکیل پر نوکری دی گئی۔وزارت اطلاعات و نشریات کے مطابق ڈیجیٹل میڈیا ونگ (ڈی ایم ڈبلیو) وزارت میں قائم کردہ نیا ونگ ہے جسے کابینہ نے گزشتہ برس منظور کیا تھا۔کابینہ نے اس ونگ کی تشکیل کے لیے گزشتہ مالی سال میں 4 کروڑ 27 لاکھ 91 ہزار روپے کی ضمنی گرانٹ منظور کی تھی۔تاہم اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کے نوٹیفکیشن کے مطابق ان تمام افراد کو ایم پی اسکیل پر تنخواہ دی جائے گی اور سب سے اعلیٰ عہدے (ایم پی 2) کی بنیادی تنخواہ ڈیڑھ لاکھ سے 3 لاکھ ہونے کی توقع ہے دیگر کو 75 ہزار روپے ماہانہ ملیں گے۔وزارت اطلاعات کے مطابق ڈیجیٹل میڈیا ونگ حکومت کے آفیشل سوشل میڈیا اکاؤنٹس کے لیے ڈیجیٹل مواد تیار کرے گا اور وفاقی حکومت کی تمام وزارتوں کے سوشل میڈیا اکاؤنٹ کی بھی تصدیق اور انہیں منظم کرے گا۔