بزنس فورم کے لیڈر اور ممتاز بزنس مین سینیٹر الیاس بلور او ر فیڈریشن آف پاکستان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر غضنفر بلور نے کہا ہے کہ نئی حکومت کے آنے کے بعد مہنگائی کے طوفان نے عوام سمیت تاجروں کو بھی پریشان کردیاہیں۔ تبدیلی کے دعویداروں نے قوم کیساتھ جو وعدے کئے اُن سے مکر گئے ۔ باجوڑ کے تاجروں کو درپیش مسائل کے حل اور یہاں پر تجارتی سرگرمیوں کے فروغ کیلئے کوششیں کریں گے، باجوڑ میں کاروبار کے وسیع تر مواقع موجود ہیں۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے باجوڑ کے صدر مقام خار میں باجوڑ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نومنتخب عہدیداروں کی تقریب حلف برداری کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب سے پختونخواہ چیمبر آف کامرس کے صدر فیض محمد فیض ، سابقہ صدر زاہد شنواری، یوبائٹیڈ بزنس گروپ کور کمیٹی کے ممبر افضل اشرف،ریاض ارشد، ہری پور اور ایبٹ آباد چیمبر کے صدور ،صدر گل، عبیدا للہ یوسفزئی،سمیت دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔ باجوڑ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نومنتخب عہدیداران کے حلف برداری کی تقریب جرگہ ہال میں منعقدہوئی۔ اسسٹنٹ کمشنر ناوگئی انورالحق نے نومنتخب عہدیداروں سے حلف لیا۔ تقریب حلف برداری میں قبائلی عمائدین اور تاجر برادری کے تنظیموں کے عہدیداران نے کثیر تعداد میں شرکت کی ۔ نومنتخب سینئر نائب صدر سراج الدین خان نے باجوڑمیں تاجر وں کو درپیش مسائل سے متعلق سپاسنامہ پیش کیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے باجوڑ چیمبر اف کامرس کے بانی لعلی شاہ ، صدر افضل خان ، سینئر نائب صدر سراج الدین خان ، انجینئر بہادر خان نے کہا کہ باجوڑمیں فوجی آپریشن کے بعد کاروباری سرگرمیاں دوبارہ بحال ہوئی ہیں مگر حکومت نے تاجروں کے مسائل حل کرنے کیلئے کوئی ٹھوس اقدامات نہیں اُٹھائے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ باجوڑ میں تجارت کے وسیع تر مواقع موجود ہیں مگر حکومتی عدم توجہ کے باعث ان سے استفادہ نہیں کیا جارہا۔انہوں نے کہا کہ باجوڑ میں معدنیات کے بڑے پیمانے پر ذخائر موجود ہیں لہذا یہاں پر انڈسٹریل زون قائم کیاجائے اور کاروبار کو مزید فروغ دینے کیلئے پاک افغان تجارت کو دوبارہ شروع کیاجائے اور لوئی سم سیوئی بازاروں کو دوبارہ تعمیر کیاجائے۔انہوں نے کہا کہ گرانٹ کی مد میں سمیڈا کی جانب سے ملنے امدار میں خرد برد کا نوٹس لیاجائے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ممتاز بزنس مین الیاس بلور، FPCCIکے صدر غضنفر بلور، سرحد چیمبر کے صدر فیض محمد فیض ، زاہد شنواری سمیت دیگر مقررین نے باجوڑ چیمبر آف کامرس کے قیام کو سراہتے ہوئے کہا کہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے قیام سے یہاں کے تاجروں کو کاروبار میں آسانی ہوگی اور یہاں پر کاروباری سرگرمیوں کو فروغ ملے گا۔ FPCCIکے صدر غضنفر بلور نے کہا کہ باجوڑ تاجر برادری کو درپیش مسائل کے حل کیلئے کوششیں کریں گے اور یہاں پر کاروباری سرگرمیوں کو فروغ دینے کیلئے بھی کوششیں کریں گے کیونکہ باجوڑ میں کاروبار کے وسیع تر مواقع موجود ہیں۔ مقررین نے باجوڑ چیمبر کے قیام کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ باجوڑتمام قبائلی اضلاع میں بازی لے گیاہے جوکہ ایک خوش آئند قدم ہے ۔