باجوڑ (باجوڑنیوز) ایم این اے گل ظفر خان اور جرگہ ممبران کی کوششوں سے اراضی تنازعہ حل ہوگیا ، فریقین آپس میں بغل گیرہوگئے۔ دو ماہ قبل تحصیل ماموند علاقہ کمر میں دو خاندانوں کے درمیان اراضی تنازعہ پیدا ہوگیا تھا جس کے بعد بات بڑھ کر جھگڑے تک پہنچ گئے اور فریقین سے کئی افراد زخمی بھی ہوگئے۔ ایف آئی آر درج ہونے کے بعد دونوں خاندانوںکے کئی افراد جیل میں رہے۔ یہ مسئلہ ابھی عدالت میں چل رہا ہے مگر دونوں خاندانوں کے درمیان پیدا ہونے والے تنازعہ اور تلخی کو دور کرنے کیلئے ایم این اے گل ظفر خان کے زیر نگرانی جرگہ مقرر ہوا ، جس میںملک محمد زمان ، ملک حاجی شیرزادہ اور ملک فضل ودود شامل تھے۔ جن کی مخلصانہ کوششوں سے تنازعہ خیروعافیت سے حل ہوگیا۔ صلح کی تقریب رکن قومی اسمبلی گل ظفرخان کے حجرے میں منعقد ہوئی۔ جس میں علاقائی مشران ملک سلطان زیب ، ملک عالم زیب ، ملک فقیر ، ملک جان سردار ، فاتح رحمان ماموند ، طاہر خان درانی ، بلال یاسر ، اسحاق ضیاء ، سلطان روم ، ڈاکٹر جہانزیب سمیت جرگہ ممبران ، دونوں فریقین نے شرکت کی۔ دونوں فریقین میں راضی نامہ ہوجانے کے بعد فریقین آپس میں بغل گیر ہوگیا اور ایک دوسرے کو معاف کردیا ۔ اس موقع پر جرگہ ممبران نے کہا کہ دونوں فریقین کو اختیار ہوگا کہ اپنا اراضی تنازعہ عدالت ، شریعت یا جرگہ کے ذریعے حل کریں۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایم این اے گل ظفر خان ، ملک سلطان زیب ، ملک محمد زمان اور دیگر نے کہا کہ لڑائی جھگڑے جتنے بھی طویل ہو جائے کسی ایک دن تو جرگے کے آگے سرنگوں ہونا پڑے گا اس لیے ہم نے اول روز سے لڑا جھگڑے کی روک تھام کی اور تنازعہ کو جرگے کے ذریعے حل کرنے کی کوشش کی جس میں آج الحمدللہ کامیابی ملی۔ فریقین کے اعتماد کرنے پر مشکور ہوں۔ دونوں فریقین نے ایم این اے گل ظفر خان اور جرگہ ممبران کا شکریہ ادا کیا۔