لکی کرکٹ لیگ اختتام پذیر، ٹرافی لکی سٹار کے نام
باجوڑ میں کھیلوں کے سہولیات نہ ہونے کے وجہ سے قیمتی ٹیلنٹ ضائع ہورہا ہے ، ارباب اقتدار توجہ دیں ۔ملک خالد خان
باجوڑ (باجوڑنیوز) تفصیلات کے مطابق تحصیل خار کے علاقہ کاروان کرکٹ گراونڈ میں منعقدہ لکی کرکٹ لیگ اختتام کو پہنچا۔ فائنل میچ کے مہمان خصوصی نوجوان سیاسی رہنما اور سابقہ آزاد امیدوار پی کے 102ملک خالد خان تھے۔ سینکڑوں شائقین کرکٹ فائنل مقابلے کیلئے گراؤنڈ آئے۔ فائنل میچ عاجزکرکٹ کلب اور لکی سٹار کے درمیان کھیلا گیا۔ ابتداء میں دونوں ٹیموں کے درمیان میچ ٹائی ہوا جس کے بعد میچ کا فیصلہ سپر اوور کے ذریعے کیا گیا ، جس میں لکی سٹار کے جانب سے سپر اوور میں دیا گیا 23رنز کا ہدف عاجز کرکٹ کلب حاصل کرنے میں ناکام رہی اور یوں لکی سٹار نے باآسانی ٹرافی اپنے نام کرلی۔ساجد کو بہترین کارگردگی پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ فائنل میچ کے مہمان خصوصی نوجوان سیاسی رہنما اور سابقہ آزاد امیدوار پی کے 102ملک خالد خان نے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیے اور منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ضلع باجوڑ نہایت زرخیز علاقہ ہے یہاں ہر کھیل کا بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے۔ مگر کھلاڑیوں کیلئے سرے سے کھیل کا کوئی میدان ہی موجود نہیں جس کے باعث یہ نوجوان پہاڑوں کے ان ڈھلوانوں اور خشک دریاوں کے کنارے کھیل کھیلنے میں مصروف ہیں۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ باجوڑ میں ہر تحصیل کی سطح پر نوجوانوںکیلئے ہنگامی بنیادوں پر کھیلوں کے میدان کی منظوری دی جائے۔ اختتامی تقریب میں باجوڑ کرکٹ ایسوسی ایشن کے سابقہ صدر محمد اسماعیل ، قومی وطن پارٹی کے چیئرمین حاجی حاضر محمد اور دیگر مشران بھی موجود تھے۔