وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ انہیں اپوزیشن سے کوئی خطرہ نہیں، اپوزیشن کا ایجنڈا ہے کہ حکومت اور فوج کو لڑوا دیا جائے، حکومت اور فوج کے درمیان موجودہ ہم آہنگی تاریخ میں پہلی مرتبہ ہے۔مختلف ٹی وی چینلز کے ڈائریکٹر نیوز سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ نواز شریف مایوس ہو چکے ہیں، نواز شریف کی پالیسی ہے نہ کھیلیں گے نہ کھیلنے دیں گے، نواز شریف کی فوج کے خلاف تقریر کی خوشیاں بھارت میں منائی گئیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ یہ مولانا فضل الرحمان کو اس لیے ساتھ رکھتے ہیں کیونکہ ان کے پاس لانے کے لیے لوگ نہیں، اپوزیشن کو تکلیف ہے کہ فوج صرف ان کی پالیسی پر چلتی ہے، جب بھی مسئلہ آتا ہے فوج حکومت کے پیچھے کھڑی ہوتی ہے، نواز شریف حکومت اور فوج کے درمیان اس تاریخی ہم آہنگی کو توڑنا چاہتے ہیں۔وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ معاملہ چاہے افغانستان سے متعلق ہو یا بھارت سے متعلق، چاہے پائلٹ کا معاملہ ہو، چاہے کرتار پور ہو، فوج میری پالیسی پر عمل کرتی ہے، جب بھی مسئلہ آتا ہے فوج حکومت کے پیچھے کھڑی ہوتی ہے۔