وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ جنرل عاصم باجوہ نے اپنے اوپر لگنے والے الزامات کا جواب دیا۔گزشتہ روز ایک نجی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے جہاں دیگر سوالات کے جواب دیے وہیں معاون خصوصی برائے اطلاعات جنرل ریٹائرڈ عاصم باجوہ پر لگے الزامات کا جواب بھی دیا۔عمران خان کا کہنا تھا کہ جنرل عاصم باجوہ نے اپنے اوپر لگے تمام الزامات کا جواب دیا، ہم نے ان کے جواب کو چیک کیا ہے۔وزیراعظم نے مزید کہا کہ اگر اب کوئی شکایت آئی تو تحقیقات کریں گے اور ضرورت پڑی تو معاملہ ایف آئی اے کو بھجوا دیں گے۔واضح رہےکہ سابق ڈی جی آئی ایس پی آر اور کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل (ر) عاصم سلیم باجوہ نے صحافی احمد نورانی کی خبر پر وضاحت جاری کی تھی اور اپنے اور خاندان کے اوپر لگائے گئے الزامات کی تردید کی تھی۔ اپنے بیان میں عاصم باجوہ نے کہا کہ میں نے عزت، وقار کے ساتھ پاکستان کی خدمت کی ہے اور کرتا رہوں گا۔ تاہم انہوں نے وضاحت اور ثبوت کے بعد بطور معاون خصوصی کام جاری رکھنے سے معذرت کرتے ہوئے مستعفی ہونے کا اعلان کیا تھا۔ عاصم باجوہ کا کہنا تھا کہ وہ بطور چیئرمین سی پیک اتھارٹی کام جاری رکھیں گے کیونکہ سی پیک کو اس وقت اہم توجہ کی ضرورت ہے۔