چیئرمین قومی احتساب بیورو (نیب) نےاپوزیشن لیڈر شہباز شریف کو دوران حراست زمین پر کھانا دینے کے معاملے کا نوٹس لے لیا۔ چیئرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال نے اصل صورتحال جاننے کیلئے تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔خیال رہے کہ آج مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہبازشریف نے اپنے کیس کی سماعت کے دوران عدالت سے نیب حکام کے رویئے کی شکایت کی تھی۔احتساب عدالت میں بیان دیتے ہوئے شہبازشریف نے کہا کہ میں عدالتی حکم پر تحویل میں ہوں لیکن میرا یہ بنیادی حق ہے، سارا زمانہ جانتا ہے مجھے کمر کی تکلیف ہے اور گزشتہ 25 سال سے اس تکلیف میں مبتلا ہوں۔شہبازشریف نے عدالت میں کہا کہ میں نماز پڑھنے کے لیے کرسی کا رخ تبدیل کرکے مدد لیتا تھا لیکن یکم اور دو اکتوبر کو میری مدد کرنے سے انکار کردیا گیا، پہلے کھانا مجھے اندر میز پر رکھ کر دیتے تھے لیکن اب زمین پر رکھ دیتے ہیں، ایسا جان بوجھ کر کیا جاتا ہے تاکہ مجھے جھکنا پڑے، یہ عمران خان اور شہزاد اکبر کی ایما پر ہوا۔