اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) اور جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ استحکام کے قائل ہیں، اداروں سے تصادم کا کوئی تصور نہیں۔لاہور میں میڈیا سے گفتگو میں مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ 16 اکتوبر کو گوجرانوالہ میں جلسہ ہوگا جس کو کامیاب بنانے کی بھرپور کوشش کی جائے گی اور عوامی قوت کا مظاہرہ کیاجائے گا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نالائق ہے، اسے عوامی نمائندہ حکومت نہیں کہا جاسکتا، اسلام آباد میں ملازمین کا احتجاج جاری ہے، ہم ان کے مطالبات کی حمایت کرتے ہیں۔ سربراہ جے یو آئی کا کہنا تھا کہ آزادی کا کاروان چل پڑا ہے، پی ڈی ایم کی جانب سے پورے ملک میں جلسوں کا سلسلہ شروع کیا جا رہا ہے، دو تین جلسوں میں ملک میں تبدیلی کے آثار پیدا ہوجائیں گے۔انہوں نے کہا کہ یہ تاثر غلط ہے کہ سیاسی لوگ اداروں سے تصادم چاہتے ہیں، ہم استحکام کے قائل ہیں، ہمیں ٹھنڈے دل سے سوچنا چاہیے کہ ملک کیسے چل سکتا ہے؟ خیال رہے کہ اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ نے حکومت مخالف تحریک کا اعلان کررکھا ہے اور اس حوالے سے پہلا جسلہ 16 اکتوبر کو پنجاب کے شہر گوجرانوالہ میں ہوگا۔