ہیومن رائٹس کمیشن آف پاکستان کا گوجرانوالہ میں جلسے کی مانیٹرنگ کا اعلان ہیومن رائٹس کمیشن آف پاکستان (ایچ آر سی پی) نے 16 اکتوبر کوگوجرانوالا میں پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے جلسے و ریلی کی مانیٹرنگ کرنے کا اعلان کیا ہے۔ لاہور سے جاری اعلامیے میں ایچ آر سی پی نےکہا ہےکہ 16اکتوبر کے جلسے کی مانیٹرنگ کامقصد اس امر کو یقینی بنانا ہےکہ ریاست تمام شہریوں کے پُر امن اجتماع کی آزادی کےحق کا احترام اور تحفظ کرے۔ ایچ آر سی پی کاکہنا ہےکہ یہ بھی ضروری ہےکہ ملک کے ہر حصے میں شہری اجتماعی طورپر اپنی سیاسی آراء کااظہارکرسکیں، امید ہےکہ ریلی کے منتظمین ،شرکاء اور کوریج کرنے والے میڈیا پر جابرانہ پابندیاں نہیں لگائی جائیں گی۔ ہیومن رائٹس کمیشن آف پاکستان کاکہنا ہےکہ حکومت کو پُرامن اجتماع کی آزادی کے تحفظ کا عملی مظاہرہ کرناہوگا، اس کا حق دستورِ پاکستان کے آرٹیکل 16 اور شہری و سیاسی حقوق کے عالمی میثاق جس کا پاکستان فریق ہے، کے آرٹیکل 21 میں دی گئی ہے۔ خیال رہےکہ اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد پی ڈی ایم کی جانب سے حکومت کے خلاف باقاعدہ تحریک کا آغاز 16 اکتوبر کو گوجرانوالا سے ہورہا ہے جس کی میزبانی ن لیگ کررہی ہے۔