زمبابوے کے خلاف سیریز کے لیے عبداللہ شفیق سمیت 22 رکنی ممکنہ اسکواڈ کا اعلان

0

• آئی سی سی مینزکرکٹ ورلڈکپ سپر لیگ دراصل ورلڈکپ کا کوالیفائنگ راؤنڈ ہے لہٰذا پاکستان اپنے ایک روزہ انٹرنیشنل اسکواڈ میں زیادہ تبدیلیاں نہیں کرنا چاہتا
• چیف سلیکٹر اور ہیڈ کوچ نے ٹی ٹونٹی اسکواڈ میں نوجوان کھلاڑیوں کومتواتر موقع دینے کی حمایت کردی
• محمد رضوان ہماری فرسٹ چوائس ہیں،سرفراز احمد کو قائداعظم ٹرافی کھیلنے کا کہا گیا ہے تاکہ وہ دورہ نیوزی لینڈ کی سلیکشن کے لیےدستیاب ہوں، مصباح الحق
• عبداللہ شفیق، حیدر علی اور خوشدل شاہ جیسے نوجوان کھلاڑیوں کو ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچوں میں زیادہ مواقع دینے کی غرض سے شعیب ملک کو ڈراپ کیا گیا ہے
• حسن علی اور نسیم شاہ کو اپنی فٹنس ثابت کرنے کے لیے قائداعظم ٹرافی کھیلنے کی ہدایت جاری

لاہور،19 اکتوبر 2020ء:

قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ اور چیف سلیکٹر مصباح الحق نے زمبابوے کے خلاف ایک روزہ اور ٹی ٹونٹی سیریز کے لیے پاکستان کے 22 رکنی ممکنہ اسکواڈ کا اعلان کردیا ہے۔ انہوں نےپچاس اوورز پر مشتمل فارمیٹ میں تجربہ کار کھلاڑیوں اور ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچوں میں نوجوان کھلاڑیوں کو موقع دینے کی غرض سے اسکواڈ کا انتخاب کیا ہے۔

پاکستان نے گزشتہ 12 ماہ سے کوئی ون ڈے انٹرنیشنل میچ نہیں کھیلا۔ ایک سال بعد کھیلی جانے والے ون ڈے سیریز آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈکپ سپر لیگ کا حصہ ہے۔ یہ لیگ آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈکپ 2023 کا کوالیفائنگ راؤنڈ بھی ہے۔

لاہور میں شیڈول تین ٹی ٹونٹی میچوں کے لیے اسکواڈ کا انتخاب کرتے وقت نوجوان کھلاڑیوں کومتواتر مواقع دینے کا فیصلہ کیا گیا۔

سلیکٹرز نے سنٹرل پنجاب کے20 سالہ عبداللہ شفیق کو ممکنہ اسکواڈ میں شامل کیا ہے۔ نوجوان بیٹسمین نے نیشنل ٹی ٹونٹی کپ 2020 میں 133 کے اسٹرائیک ریٹ سے 358 رنز بنائے تھے۔عبداللہ شفیق کو اپنے فرسٹ کلاس اور ٹی ٹونٹی ڈیبیو میں سنچری بنانے کا اعزاز حاصل ہے۔

شعیب ملک کی جگہ عبداللہ شفیق کو شامل کرنے کے ساتھ ساتھ سلیکٹرز نے محمد رضوان کے بیک اپ کے طور پر روحیل نذیر کو ممکنہ اسکواڈ کا حصہ بنایا ہے۔ دورہ انگلینڈ کے لیے قومی اسکواڈ میں شامل سرفراز احمد کو 25 اکتوبر سے شروع ہونے والی قائداعظم ٹرافی میں شرکت کا کہا گیا ہے تاکہ دورہ نیوزی لینڈ سے قبل وہ مکمل طور پراپنی فارم بحال کرسکیں۔

اسی طرح فاسٹ باؤلر محمد عامر اور عثمان شنواری کی جگہ حارث رؤف ،محمد حسنین اور موسیٰ خان کو صلاحیتوں کے اظہارکا موقع دینےکا فیصلہ کیا گیا ہے۔

انجری کی وجہ سے حسن علی اور نسیم شاہ کی سلیکشن پر غور نہیں کیا گیا تاہم دونوں کھلاڑیوں کو قائداعظم ٹرافی میں شرکت کی ہدایت کی گئی ہے تاکہ ان کی فٹنس کا جائزہ لیا جاسکے۔

اسکواڈ:
بابراعظم (کپتان) اور شاداب خان (نائب کپتان)
بیٹسمین: عبداللہ شفیق ، عابد علی ، فخر زمان ، حیدر علی ، حارث سہیل ، افتخار احمد ، امام الحق ، خوشدل شاہ اور محمد حفیظ
وکٹ کیپرز : محمد رضوان اور روحیل نذیر
اسپنرز : عماد وسیم ، عثمان قادر اور ظفر گوہر
فاسٹ باؤلر:فہیم اشرف ، حارث رؤف ، محمد حسنین ، موسیٰ خان ، شاہین شاہ اور وہاب ریاض

مصباح الحق، ہیڈ کوچ اور چیف سلیکٹر قومی کرکٹ ٹیم:

مصباح الحق نے کہا کہ نیشنل ٹی ٹونٹی کپ میں نوجوان کھلاڑیوں نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا، اندازہ ہےکہ نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کچھ کھلاڑی ممکنہ اسکواڈ میں اپنا نام نہ دیکھ کر مایوسی کا شکار ہوئے ہوں گےتاہم انہیں یقین دلانا چاہتا ہوں کہ دورہ نیوزی لینڈ کے لیے ان کی سلیکشن پر غور کیا جائے گا۔

چیف سلیکٹر نے کہا کہ ہمارا موجودہ ٹی ٹونٹی اسکواڈ پہلے ہی نوجوان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے اورہم نے انہی کھلاڑیوں کو مزید اعتماد دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ایک روزہ انٹرنیشنل اسکواڈ میں زیادہ تبدیلیاں نہ کرنےکا مقصد آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈکپ سپر لیگ میں قیمتی پوائنٹس حاصل کرنا ہے کیونکہ یہ ایونٹ آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈکپ 2023 کا کوالیفائنگ راؤنڈ بھی ہے۔

مصباح الحق نے کہا کہ ہم نے شعیب ملک او رسرفراز احمد کی جگہ نوجوان کھلاڑیوں کو اسکواڈ میں جگہ دی ہے لیکن اس کا ہر گز یہ مطلب نہیں کہ ان کے کیرئیر ختم ہوگئے ، اسی طرح ہم نے عثمان شنواری اور محمد عامر کی جگہ محمد حسنین ، حارث رؤف اور موسیٰ خان جیسے نوجوان کھلاڑیوں کو متواتر موقع دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

مصباح الحق نے کہا کہ وائٹ بال کرکٹ میں محمد رضوان ہماری فرسٹ چوائس ہیں اور مستقبل کے پیش نظر ہم نے ان کی جگہ روحیل نذیر کو بطور بیک اپ ممکنہ اسکواڈ میں شامل کیا ہے۔

ممکنہ اسکواڈ میں شامل تمام کھلاڑیوں کے کوویڈ19 ٹیسٹ 21 اکتوبر کو لیے جائیں گے۔ اس دوران پانچ روزہ آئسولیشن مدت کے دوران کھلاڑی قذافی اسٹیڈیم لاہور میں پریکٹس کریں گے، اسکواڈ 26 اکتوبر کو راولپنڈی روانہ ہوگا۔

سیریز کا شیڈول:
تیس اکتوبر: پہلا ایک روزہ میچ، راولپنڈی
یکم نومبر: دوسرا ایک روزہ میچ، راولپنڈی
تین نومبر: تیسرا ایک روزہ میچ، راولپنڈی
سات نومبر: پہلا ٹی ٹونٹی میچ، لاہور
آٹھ نومبر: دوسرا ٹی ٹونٹی میچ، لاہور
دس نومبر: تیسرا ٹی ٹونٹی میچ، لاہور

You might also like
Leave A Reply

Your email address will not be published.