سپریم کورٹ نے تمام احتساب عدالتوں کو روزانہ کی بنیاد پرکرپشن مقدمات کی سماعت کرنے کی ہدایت بھی کی ہے۔سپریم کورٹ نے حکومت کو ایک ماہ میں 120 نئی احتساب عدالتوں کے قیام کا فیصلہ کرنےکا حکم دے دیا۔چیف جسٹس پاکستان جسٹس گلزار احمد کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے 3 رکنی بینچ نے 120 نئی احتساب عدالتوں کے قیام سے متعلق کیس کی سماعت کی۔دوران سماعت ایڈیشنل اٹارنی جنرل نےکہا کہ ملک کی تمام24 احتساب عدالتیں فعال ہیں، 120 نئی احتساب عدالتوں کے قیام کا معاملہ وزارت قانون کے پاس ہے۔چیف جسٹس نے کہا یہ بات تو پچھلی مرتبہ بھی کہی گئی تھی، پیش رفت کیا ہوئی ہے ؟ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے کہا کہ آج ہی اٹارنی جنرل اس معاملے پر وزیر اعظم سے اہم ملاقات کر رہے ہیں۔قومی احتساب بیورو (نیب) رولز پر پیش رفت سے متعلق عدالتی استفسارپر پراسیکیوٹر نے بتایا مسودہ وزارت قانون کو بھجوا رکھا ہے، معاملہ زیر التوا ہے۔