نالائق اعظم عوام کو روزگار دینے کے بجائے بے روزگار کررہے ہیں۔ بلاول بھٹوزرداری

0

ایک کروڑ نوکریاں دینے کا نعرہ لگانے والے نالائق اعظم تاحال لاکھوں پاکستانیوں کو بیروزگار کر چکا ہے،  پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے وفاقی حکومت کی جانب سے ریڈیو پاکستان کے 749 ملازمین کو نوکریوں سے برخاست کرنے اور اس ناانصافی کے خلاف احتجاج کی پاداش میں 40 ملازمین کی گرفتاری کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ سلیکٹڈ حکومت نے اب جمہوری ہونے کا دکھاوا کرنا بھی چھوڑ دیا ہے۔اپنے جاری کردہ بیان میں پی پی پی چیئرمین نے کہا کہ سلیکٹڈ حکمرانوں نے فقط ریڈیو پاکستان کے 749 ملازمین کو برطرف نہیں کیا ، بلکہ انہوں نے بیک جنبش قلم 749 خاندانوں کے چولہے بجھا دیئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایک کروڑ نوکریاں دینے کا نعرہ لگانے والے نالائق اعظم تاحال لاکھوں پاکستانیوں کو بالواسطہ یا بلاواسطہ بیروزگار کر چکا ہے۔ انہوں نے نشاندہی کی کہ ریڈیو پاکستان کے ملازمین سے پہلے پاکستان ٹورازم ڈویلپمنٹ کارپوریشن (پی ٹی ڈی سی) کے 450 ملازمین کو بھی فارغ کردیا گیا تھا، جبکہ پاکستان اسٹیل ملز کے 9 ہزار سے زائد ملازمین کا روزگار بھی حکمرانوں کی آنکھ میں کھٹک رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی کی صوبائی حکومتیں بھی وفاقی حکومت سے کسی طرح کم نہیں، جو آئے روز سرکاری محکموں سے چھانٹیاں کرتی رہتی ہیں۔

بلاول بھٹو زرداری نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جب وفاقی حکومت ہی بلاجواز اپنے ملازمین کو فارغ کرنے لگ جائے، تو خانگی سیکٹر میں کام کرنے والے ملازمین کی نوکریوں کا غیرمحفوظ ہونا ناگذیر ہے۔ کرونا وائرس وباء کے باعث عالمی معیشت اور سلیکٹڈ وزیراعظم کی وجہ سے ملکی معیشت کی حالت دگرگوں ہے، اور ایسے غیرواضح حالات میں ملازمین کو نوکریوں سے نکالنا آئی ایم ایف سے وفاداری نبھانے کے علاوہ اور کچھ نہیں۔

You might also like
Leave A Reply

Your email address will not be published.