آزادکشمیر کے وزیراعظم راجا فاروق حیدر نے خود پر بغاوت کا مقدمہ قائم ہونے پر طنز کرتے ہوئےکہا ہےکہ بھارتی وزیراعظم مودی خوش ہورہا ہوگا کہ تقریباً پورا پاکستان ہی، چھوٹے ذہن کے متعصب لوگوں کی بدولت اس کا ‘ایجنٹ’ بن گیا ہے۔ ایک بیان میں آزاد کشمیر کے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ چھوٹے دماغ رکھنے والے متعصب لوگوں کو اس بات کا کم ہی احساس ہوگا کہ ان کی نفرت سے بھری سیاست کے کیا نتائج نکلیں گے۔ راجا فاروق حیدرکا کہنا ہےکہ بطور ایک بھارت مخالف کشمیری اب انہیں اپنے مستقبل کی فکر لگ گئی ہے۔ خیال رہے کہ لاہور میں سابق وزیراعظم نوازشریف کے خلاف بغاوت کا مقدمہ درج کیا گیا ہے، ایف آئی آر کے مطابق نواز شریف نے اشتعال انگیز تقاریر کیں اور ملک کے مقتدر اداروں کو بدنام کرکے بھارت کی پالیسیوں کی تائید کی۔ایف آئی آر میں کہا گیا کہ نواز شریف کی تقاریر کا مقصد اپنے دوست بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو بالواسطہ فائدہ پہنچانا ہے، نواز شریف کی تقاریر کا مقصد عالمی برادری میں پاکستان کی اعلیٰ عدالتوں اور مسلح افواج کو بدنام کرنا ہے۔مقدمے میں وزیراعظم آزاد کشمیر سمیت ن لیگ کے دیگر 40 رہنماؤں کو بھی نامزد کیا گیا ہے۔