علماء کمیٹی کا حکومت کو مولانا عادل کے قاتلوں کی گرفتاری کیلئے 48 گھنٹے کا الٹی میٹم

0

 حکومت 48 گھنٹوں میں مولانا عادل کے قاتلوں کو گرفتار کرے تاہم قاتلوں کی عدم گرفتاری پر راست اقدام پر مجبور ہوں گے: کراچی علماء کمیٹی۔کراچی علماء کمیٹی نے جامعہ فاروقیہ کے مہتمم و شیخ الحدیث مولانا ڈاکٹر عادل خان کے قاتلوں کی گرفتاری کیلئے حکومت کو الٹی میٹم دے دیا۔کراچی علماء کمیٹی کے اجلاس کا اعلامیہ جاری کردیا گیا جس  کے مطابق اجلاس میں مولانا ڈاکٹر عادل خان کے قتل کی مذمت کی گئی۔اعلامیے کے مطابق مولانا عادل کی ملک وبیرون ملک بے شمار خدمات ہیں اور انہوں نے فرقہ وارانہ کشیدگی کو کم کرنے میں کردار ادا کیا۔اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ حکومت اور ریاستی ادارے قاتلوں کی فوری گرفتاری کے اقدامات کریں جب کہ علماء کمیٹی مولانا عادل کو سیکیورٹی نہ دینا حکومتی غفلت سمجھتی ہے لہٰذا حکومت تمام دینی اداروں اور اہم علماء کو فول پروف سیکیورٹی دے۔اعلامیے کے مطابق علماء اور مدارس نے امن وامان برقرار رکھنے میں ہمشیہ مؤثر کردار اداکیا اور مولانا عادل کی نمازجنازہ کے موقع پر امن وامان مکمل برقرار رکھا گیا۔علماء کمیٹی نے حکومت کو الٹی میٹم دیتے ہوئے کہا کہ حکومت 48 گھنٹوں میں مولانا عادل کے قاتلوں کو گرفتار کرے تاہم قاتلوں کی عدم گرفتاری پر علماء، مدارس اور اتحاد تنظیم مدارس راست اقدام پر مجبور ہوں گے۔خیال رہے کہ گزشتہ روز شاہ فیصل کالونی نمبر 2 میں جامعہ فاروقیہ کے مہتمم و شیخ الحدیث مولانا ڈاکٹر عادل خان اور ان کے ڈرائیور قاتلانہ حملے میں شہید ہوگئے تھے۔تاہم اب تک ان کے قتل کی تحقیقات میں پیشرفت نہیں ہوسکی ہے اور تاحال کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی۔

You might also like
Leave A Reply

Your email address will not be published.