سعودی عرب نے دوسرے مرحلے میں ڈھائی لاکھ مقامی شہریوں کو عمرہ کی اجازت دینے کا اعلان کیا ہے جب کہ روضہ رسول ﷺ کو بھی 18 اکتوبر سے زیارت کے لیے کھولا جائے گا۔ سعودی وزارت حج و عمرہ کے مطابق دوسرے مرحلے میں زائرین کو ایپ کے ذریعے اجازت نامہ لینا ضروری ہوگا۔ دوسری جانب عمرہ کی ادئیگی کے لیے تیسرے مرحلے کا آغاز یکم نومبر سے ہوگا جس کے تحت غیر ملکی زائرین بھی عمرے کی سعادت حاصل کر سکیں گے۔سعودی وزارت صحت کی جانب سے شوگر، ہائی بلڈپریشر، امراض قلب، جگر اور حاملہ خواتین کوعمرہ اور زیارت مؤخر کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔خیال رہے کہ کورونا کے باعث رواں سال حج میں بھی محدود افراد نے شرکت کی تھی جن میں مملکت میں رہائش پذیر غیرملکی اور مقامی افراد شامل تھے