باجوڑ۔ لغڑئی سکاوٹس کے زیر اہتمام جاری خوشحال باجوڑ T10لیگ اختتام پذیر۔رنگارنگ اختتامی تقریب میں مقامی مشران،کھلاڑیوں اور نوجوانوں نے کثیرتعداد میں شرکت کی۔ ضلع باجوڑ لغڑئی سکاوٹس گراونڈ پر لغڑئی سکاوٹس کے تعاون سے 25 مئی سے جاری خوشحال باجوڑ T10لیگ کی رنگارنگ اختتامی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔تقریب میں مہمان خصوصی سیکٹر کمانڈر سیکٹرنارتھ اور کرنل لغڑئی سکاوٹس، علاقائی مشران اور نوجوانوں نے بھرپور شرکت کی۔اس ٹورنانمنٹ میں 16ٹیموں نے حصہ لیا۔ ٹورنانمنٹ کے دوران کھلاڑیوں کو ہر قسم کی سہولت فراہم کی گئی تھیں اور اس کے لئے سیکیورٹی کی خصوصی انتظامات کئے گئے تھے، اختتامی روز کرکٹ میچ دواوگئی الیون اور چمیاجوڑ ٹائیگرکے درمیان کھیلا گیا۔ جس میں شاندار کھیل کا مظاہرہ پیش کرتے ہوئے دواوگئی الیون نے 5وکٹوں سے کامیابی حاصل کرتے ہوئے ٹرافی اپنے نام کرلی۔ مہمان خصوصی نے تقریب سے خطاب میں کہا کہ آج ہر طرف امن ہے اور یہاں پر کھیلوں کے میدان آباد ہیں اس امن کی خاطر قربانی دینے والوں کو ہم سلام پیش کرتے ہیں کیونکہ انکی قربانی کی بدولت آج یہاں پر امن قائم ہے انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو کھیل کی طرف توجہ دینی چاہئے تاکہ یہ نوجوان بے راہ روی کا شکار نہ ہوجائے۔ مہمان خصوصی نے لغڑئی ماموند میں کھیلوں کے فروغ اور ترقی کے لئے لغڑئی سکاوٹس کے کاوشوں اور خدمات کی تعریف کی۔تقریب کے اختتام پر کامیاب ٹیموں کے کھلاڑیوں میں انعامات اور ٹرافیاں تقسیم کی گئیں۔