ہلال احمر پاکستان باجوڑ برانچ کی جانب سے حالیہ بارشوں کے متاثرین میں امدادی سامان تقسیم کئے گئے۔ اس حوالے سے ایک تقریب ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریلیف باجوڑ کے دفتر میں منعقد ہوئی۔ ہلال احمر نے اے ڈی سی ریلیف اور پی ڈی ایم اے کی جانب سے تحصیلداران کی باقاعدہ تصدیق شدہ 220 متاثرین میں امدادی پیکجز تقسیم کئے۔ پیکجز میں خیمے ، کیچن سیٹس ، تارپولین شیٹس ، شلٹر ، ٹول کٹس ، کمبل ، جیری کینز ، شیلٹر ٹول کیٹس، قینچی ، بیلچے اور ہتھوڑے شامل تھے۔ تقریب کے مہمان خصوصی اے سی خار محب اللہ یوسفزئی تھے۔ اسسٹنٹ کمشنر خار محب اللہ یوسفزئی ، ڈسٹرکٹ پروگرام آفیسر ہلال احمر باجوڑ جاوید اقبال اور پی ڈی ایم اے کے ڈسٹرکٹ کوآرڈینیٹر عدنان خان نے متاثرہ خاندانوں کو ریلیف پیکجز فراہم کئے۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ پروگرام آفیسر ہلال احمر باجوڑ جاوید اقبال نے کہا کہ ہلال احمر پاکستان ہمیشہ غریب اور مستحق افراد کے ساتھ ہر آفت اور مشکل کے گھڑی میں پیش پیش ہوتی ہے اور ان کے ساتھ مکمل معاونت کرتی ہے۔