عرفان اللہ جان
پشاور میں ریاستہائے متحدہ امریکہ کے قونصل خانہ کے شعبہ طبی امداد کی جانب سے مقامی صحافیوں کے لیے بنیادی ہنگامی امداد کی تربیت کا انعقاد کیا گیا۔ تربیتی نشست میں شرکت کرنے والے صوبہ خیبر پختونخوا کے تیرہ صحافیوں کومیڈیکل اسپیشلسٹ ٹموتھی گبسن نے ابتدائی طبی امداد کی ایسی بنیادی تکنیکی صلاحیتوں کے بارے میں آگہی دی، جنہیں بروئے کار لاتے ہوئے وہ ہنگامی حالات میں اپنے ساتھیوں، دوستوں یا رشتہ داروں کی معاونت کر سکتے ہیں۔
واضح رہے کہ گبسن کو ہنگامی حالات میں مریضوں کا علاج کرنے کا بتیس سال سے زیادہ کا تجربہ ہے۔ انہوں نے صحافیوں کو ایسی مہارتوں سے روشناس کروایا جن سے وہ مکمل طبی امداد کی ترسیل تک متاثرین کی صحت کی بحالی کیلئے کوشاں رہ سکتے ہیں۔ قونصل جنرل شانٹے مور نے اختتامی تقریب کے دوران شرکاء میں سندیں اور ابتدائی طبی امداد کا سامان تقسیم کیا۔
اُنھوں نے کہا کہ کوئی بھی واقعہ رُونما ہونے کے بعد صحافی سب سے پہلے وقوعہ پر پہنچنے لوگ ہوتے ہیں لہٰذا اُن کی حفاظت انتہائی اہمیت کی حامل ہے۔ انہوں نےاس اُمید کا اظہار کیا کہ قونصل خانہ کی جانب سے اس تربیت کی فراہمی نے میڈیا پروفیشنلز میں اپنی صحافتی ذمہ داریوں کی ادائیگی کے دوران ہنگامی حالات سے نمٹنے کی استعداد پیدا کی ہے۔
پروگرام میں شریک ہونے والے صحافیوں کا کہنا تھا کہ اس تربیت نے ذاتی حفاظت کے حوالے سے اُن کے اعتماد میں اضافہ کیا ہے۔