ایم سی سی نے لاہور قلندرز کو 4 وکٹوں سے شکست دے دی

0

ایم سی سی نے لاہور قلندرز کو 4 وکٹوں سے شکست دے دی

• مہمان ٹیم کے روی بوپارہ مین آف دی میچ قرار

لاہور،14فروری2020ء:

قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے میچ میں مارلی بون کرکٹ کلب کی ٹیم نے لاہور قلندرز کو 4 وکٹوں سے شکست دے کر فتح اپنے نام کی۔ 4 میچوں پر مشتمل سیریز کھیلنے کے لیے اڑتالیس سال بعد پاکستان پہنچنے والی ایم سی سی کرکٹ ٹیم کا لاہور میں یہ پہلا میچ تھا۔

لاہور قلندرز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 135 رنز بنائے۔ جواب میں ایم سی سی نے مطلوبہ ہدف 4 گیندیں قبل 6 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ ایم سی سی کے روی بوپارہ نے میچ کے دوران اہم موقع پر 42 رنز بناکر جیت میں اہم کردار ادا کیا۔

مارلی بون کرکٹ کلب کے کپتان کمار سنگارا نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تو لاہور قلندرز کی ٹیم اپنے ہوم گراؤنڈ پرمتاثرکن کھیل کا مظاہرہ نہ کرسکی اور مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 135رنزہی بناسکی۔ لاہور قلندرز کے اوپنرز فخرزمان اور سلمان بٹ کے درمیان 42 رنز کی ابتدائی شراکت قائم ہوئی تاہم مڈل آرڈربلے بازوں کے جلد پویلین واپس لوٹنے کے باعث میزبان ٹیم بڑا ہدف دینے میں کامیاب نہ ہوسکی۔ اننگز کے اختتامی اوورز میں کپتان سہیل اختر نے برق رفتار اننگز کھیلی۔ سہیل اختر نے 28 گیندوں پر 2چھکوں اور 1 چوکے کی مدد سے 40 رنز کی اننگز کھیلی تاہم اوپنر فخر زمان 36 گیندوں پر 5 چوکوں اور 1 چھکے کی مدد سے 45 رنز بناکر سب سے نمایاں بیٹسمین رہے۔ ایم سی سی کی جانب سے رولوف مروی نے 2وکٹیں حاصل کیں۔

مطلوبہ ہدف کے تعاقب میں ایم سی سی کے ابتدائی 3 کھلاڑی محض 49کے مجموعی اسکور پر پویلین واپس لوٹ گئے جس کے بعد روی بوپارہ اور سمت پٹیل نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 60 رنز کی اہم شراکت قائم کی۔ روی بوپارہ نے 37 گیندوں پر2 چوکوں اور 1چھکے کی مدد سے 42 جبکہ سمت پٹیل نے 22 گیندوں پر 2 چھکوں اور 1 چوکے کی مدد سے 31 رنز کی اننگز کھیلیں۔دونوں بلے بازوں کی عمدہ بیٹنگ کی بدولت ایم سی سی نے مطلوبہ ہدف انیسویں اوور کی دوسری گیند پر حاصل کرلیا۔لاہور قلندرز کی جانب سے محمد فیضان نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔

ایم سی سی کرکٹ ٹیم 16فروری کو پاکستان شاہینز کے خلاف پچاس اوورز پر مشتمل میچ ایچیسن کالج لاہور میں کھیلے گی۔

شیڈول:

16 فروری : ایم سی سی بمقابلہ پاکستان شاہینز بمقام ایچیسن کالج لاہور بوقت صبح 9:30 تا شام 5:15 بجے (پچاس اوورز پر مشتمل میچ)
17 فروری : ایم سی سی بمقابلہ ناردرن بمقام ایچیسن کالج لاہور بوقت دوپہر 12:30 تا سہ پہر3:40 بجے (بیس اوورز پر مشتمل میچ)
19 فروری : ایم سی سی بمقابلہ ملتان سلطانز بمقام ایچیسن کالج لاہور بوقت دوپہر 12:30 تا سہ پہر3:40 بجے (بیس اوورز پر مشتمل میچ)

You might also like
Leave A Reply

Your email address will not be published.