عالمی جریدے فارن پالیسی نے پیش گوئی کی ہے کہ وزیراعظم عمران خان کہیں نہیں جا رہے ہیں اور وہ اقتدار کی مدت پوری کرنے والے پاکستان کے پہلے وزیراعظم بن سکتے ہیں۔جریدے میں شائع مضمون میں کہا گیا ہے کہ ملک کی سیاسی صورت حال پر کسی کا خیال ہے کہ ’سیاسی طوفان آخر کار حکومت کو ختم کردے گا’ تو کوئی پارلیمانی نظام کے بجائے عبوری انتظامیہ کا دعویٰ کرر ہا ہے۔ملک کے معروف تجزیہ کار سہیل وڑائچ نے اپریل میں پیش گوئی کی تھی کہ وزیراعظم عمران خان کی حکومت جون میں گر سکتی ہے لیکن جون آکر بھی گزر گیا حکومت اپنی جگہ قائم ہے۔جریدے نے کہا ہے کہ مبصرین وزیراعظم عمران خان کی بقاء پر سوالات اٹھا رہے ہیں کیونکہ پاکستان کی تاریخ میں کسی بھی وزیر اعظم نے اپنی اقتدارکی مدت پوری نہیں کی۔عالمی جریدے نے پیش گوئی کی ہے کہ حکومت کی کچھ کامیاب پالیسیوں اور اپوزیشن کے کردار سے اس بات کا قوی امکان ہے کہ عمران خان مدت مکمل کرنے والے پہلے پاکستانی وزیراعظم بن سکتے ہیں۔خیال رہے کہ پاکستان میں اب تک کسی بھی منتخب وزیراعظم نے اقتدار کی مدت مکمل نہیں کی ہے۔