10محرم الحرام کی نشریات میں ‘نفرت انگیز مواد’ نشر کرنے پر 24نیوز کا لائسنس معطل۔پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی(پیمرا) نے 10محرم الحرام کی خصوصی نشریات کے دوران نفرت انگیز مواد نشر کرنے پر 24نیوز کا لائسنس فوری طور پر معطل کردیا ہے۔اس سے قبل پیمرا نے محرم الحرام کے حوالے سے خصوصی ایڈوائزری جاری کرتے ہوئے تمام ٹی وی چینلز کو ہدایت کی تھی کہ وہ کوئی بھی ایسا مواد نشر نہ کریں جو نفرت آمیز یا فرقہ واریت پر مبنی ہو یا جس سے بین المذاہب ہم آہنگی کو ٹھیس پہنچے۔ادارے کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا کہ میسرز سینٹرل میڈیا نیٹ ورک پرائیویٹ لمیٹیڈ(24 نیوز) نے قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے 10محرم الحرام کی خصوصی نشریات کے دوران نفرت انگیز مواد بغیر کسی ایڈیٹوریل کنٹرول کے نشر کیا۔