آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کور کمانڈرز کانفرنس سے خطاب میں کہا ہے کہ حکومتی پالیسیوں کے ساتھ مل کر ففتھ جنریشن وار فیئر اور پاکستان مخالف ہائبرڈ ایپلی کیشن کا استعمال روکنا ہوگا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی زیر صدارت 235 ویں کور کمانڈرز کانفرنس ہوئی جس میں بدلتی ہوئی علاقائی صورتحال اور آپریشنل پیشرفت پر غور کیا گیا۔آئی ایس پی آر نے بتایا کہ کور کمانڈرز کانفرنس میں لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کی صورتحال، افغان امن عمل میں پاکستان کے کردار اور آہنی باڑ لگانے سمیت مغربی سرحد کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کا کہنا ہے کہ کورکمانڈرزکانفرنس نے ملک بھرمیں سیکیورٹی کی بہترصورتحال پر اطمینان کا اظہار کیا۔کورکمانڈرز کانفرنس نے مقبوضہ کشمیر کی موجودہ صورتحال پر تفصیلی غور کیا اور کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں علاقائی امن و استحکام کے لیے باعث تشویش ہیں۔اس موقع پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ حکومتی پالیسیوں کے ساتھ مل کر ان ففتھ جنریشن وار اور پاکستان مخالف ہائبرڈ اپیلی کیشن کو روکنا ہوگا۔