سیکیورٹی فورسز نے خیبر پختونخوا (کے پی) کے اضلاع شمالی اور جنوبی وزیرستان کی ضلعی سرحد کے قریب کارروائی کے دوران دہشت گرد کمانڈر احسان اللہ سنڑے اور دیگر تین دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل بابر افتخار نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں کہا کہ ‘دہشت گرد کمانڈر احسان اللہ کو دیگر 3 دہشت گردوں کے ساتھ شمالی اور جنوبی وزیرستان کی ضلعی سرحد کے قریب شکتو کے علاقے گھاریوم میں خفیہ اطلاع کی بنیاد پر کی گئی کارروائی میں ہلاک کردیا گیا’۔ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ ‘احسان سنڑے دہشت گردی کے کئی واقعات کا ماسٹر مائنڈ تھا’۔ان کا کہنا تھا کہ ‘دہشت گرد کمانڈر حال ہی میں شکتو کے علاقے میں دہشت گردی کی کارروائی کی منصوبہ بندی اور عمل درآمد میں بھی ملوث تھا، جہاں لیفٹیننٹ ناصر شہید اور کیپٹن صبیح شہید سمیت متعدد جوان اور افسران شہید ہوئے تھے’۔