وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ ایک خوشحال اور فلاحی ریاست کے قیام کے وژن اوربہتر طرز حکمرانی کی حکمت عملی کے تحت صوبے میں عوام کو جدید طرز پر خدمات کی شفاف اور تیز رفتار فراہمی کیلئے متعدد اقدامات اُٹھائے گئے ہیں ۔ اس مقصد کیلئے صوبے میں ای گورننس کا موثر نظام متعارف کرایا جارہا ہے جس کے تحت مختلف شعبوں میں متعدد سروسز آن لائن کر دی گئی ہیں ۔ اداروں کی کارکردگی کا جائزہ لینے اور عوامی شکایات کے فوری ازالے کیلئے موثر طریقہ کار وضع کیا گیا ہے ۔ تازہ ترین قومی اعداد و شمار کے مطابق پاکستان سٹیزن پورٹل کے تحت خیبرپختونخوا شکایات کے ازالے کے حوالے سے شہریوں کا اطمینان حاصل کرنے میں سب سے آگے ہے۔ صوبے میں پبلک سروس ڈیلیوری پورٹل وضع کیا جارہا ہے جس کا جلد اجراءکیا جائے گا۔ یہ صوبائی حکومت کی طرف سے گڈ گورننس حکمت عملی کے تحت اہم اقدام ثابت ہو گا۔ نئے ضم شدہ اضلاع میں ضلع کی سطح پر خدمات کی فراہمی کے عمل کا جائزہ لینے اور عوام کی فیڈ بیک لینے کیلئے صوبائی ٹاسک فورس تشکیل دی گئی ہے جس کا حتمی مقصد قبائلی عوام کو اُن کی توقعات کے مطابق سہولیات کی فراہمی اور مسائل کا بروقت حل یقینی بنانا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار اُنہوں نے وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ پشاور میں گڈ گورننس حکمت عملی کے حوالے سے ایک اہم اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ صوبائی وزیر شوکت یوسفزئی ،اراکین قومی و صوبائی اسمبلی ، وزیراعلیٰ کے پرنسپل سیکرٹری شہاب علی شاہ اور چیف آرگنائزر پی ٹی آئی پاکستان سیف اﷲ خان نیازی، مرکزی سیکرٹری گڈ گورننس شاہد یوسف کے علاوہ سراج احمد ، ڈاکٹر حیدر علی، اجمل انصاری، ارباب شیر علی، اعجاز بٹ ،کرنل امان اﷲ خان اور پرفارمنس مینجمنٹ اینڈ ریفارمز یونٹ خیبرپختونخوا کے نمائندوں نے اجلاس میں شرکت کی ۔ اجلاس کو صوبے میں گڈ گورننس حکمت عملی کے تحت اُٹھائے گئے اقدامات پر تفصیلی بریفینگ دی گئی اور بتایا گیا کہ گڈ گورننس حکمت عملی کے تحت پانچ بنیادی ستون وضع کئے گئے ہیں جن میں اوپن اور شفاف گورننس، پبلک سروس ڈیلیوری، شہریوں کی شراکت، کارکردگی اور جوابدہی اور حکمرانی کے مجموعی نظام میں جدید رجحانات ، نظریات اور ٹیکنالوجی کا فروغ شامل ہیں۔ صوبے میں خدمات کی فراہمی کے عمل اور سرکاری محکموں کی کارکردگی کا جائزہ لیاجائے گا۔