قبائلی طلبہ میں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں ، عثمان محسود

0

ڈپٹی کمشنر باجو ڑ عثمان محسود نے کہا ہے کہ طلباء اچھے طالب علم کیساتھ ساتھ اچھا شہری بننے کی بھی کوشش کریں، قبائلی اضلاع کے لوگوں میں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں ، یہاں کے طلباء ملک کے دوسرے بڑے شہروں کے طلباء کا مقابلہ کرسکتے ہیں جس کا زندہ مثال میں خود ہوں۔ ا ن خیالات کااظہار انہوں نے گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ کالج خار باجوڑ میں ٹرائبل یوتھ فورم کے زیر اہتمام (پڑھوقبائل اور بڑھو قبائل )کے عنوان سے منعقدہ سیمینار سے خطا ب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں کالج کے پرنسپل پروفیسر گل حیدر،کامرس کالج خار کے پرنسپل پروفیسر بخت منیر ، برخلوزو کالج کے پرنسپل پروفیسر کفایت اللہ، ناوگئی کالج کے پرنسپل پروفیسر فیاض ، ٹرائبل یوتھ فورم کے چیئرمین ریحان زیب سمیت کالج کے اساتذہ اور طلباء نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے جی پی جی سی کالج خار کے پرنسپل پروفیسر گل حیدر ، کامرس کالج کے پرنسپل پروفیسر بخت منیر،ناوگئی کالج پرنسپل پروفیسر فیاض اورٹرائبل یوتھ فورم کے چیئرمین ریحان زیب نے تعلیم کی اہمیت پر روشنی ڈالی ۔سیمینارسے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر باجوڑ عثمان محسود نے کہا کہ گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ کالج خار کے تمام مسائل حل کریں گے ۔انہوں نے کہا کہ قبائلی اضلاع کے طلباء میں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں ہے او ریہاں کے طلباء ملک کے دوسرے بڑے شہروں کے طلباء کا اچھی طرح مقابلہ کرسکتے ہیں۔ میں بذات خود اسکا زندہ مثال ہوں کیونکہ میں نے تعلیم کے حصول میں کافی تکالیف برداشت کرکے تعلیم حاصل کی ۔ لہذا طلباء ہمت نہ ہارے اور محنت جاری رکھیں اور اپنی تمام تر توجہ حصول تعلیم پر مرکوز رکھیں۔ عثمان محسود نے مزید کہا کہ طلباء کو نصابی سرگرمیوں کیساتھ ساتھ غیر نصابی سرگرمیوں جیسا کہ شجرکاری ، کھیل ، منشیات کیخلاف مہم وغیرہ میں بھی شریک کرینگے تاکہ ان کی اچھی پرورش ہوسکے کیونکہ منشیات جیسی لعنت ہمارے نوجوان نسل کو تباہ کررہی ہے ۔ دریں اثناء تقریب کے دوران پروفیسر ز ، اساتذہ اور طلباء نے ڈی سی باجوڑ کے حالیہ منشیات فروشوں کیخلاف مہم کے مکمل حمایت کی اور کہا کہ وہ ان کیساتھ کھڑے ہیں۔ مقررین نے کہا کہ علم اور خواندگی کو عام کرکے ہی عالمی برادری میں ایک باعزت مقام حاصل کیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم کے ذریعے ہی ایک مہذب، پرامن اور مثالی معاشرہ تشکیل پاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا میں باوقارمقام حاصل کرنے کیلئے تعلیمی شعبے کی ترقی انتہائی ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج کے جدید دور میں صرف وہی اقوام ترقی کی منازل طے کرسکتی ہیں جو علم و دانش کے خزانوں سے لیس ہو۔انہوں نے طلبا پر زور دیا کہ وہ محنت کریں اور اپنی قابلیت اور صلاحیتوں سے ملک و قوم کا نام روشن کریں۔

You might also like
Leave A Reply

Your email address will not be published.