اپنا کاروبار کرنے کی سوچ بہت ہی اعلیٰ ہے۔ آج کل بہت سے ملازمت پیشہ نوجوان ’’اپنا کاروبار‘‘ کرنے کی کوشش میں مصروف ہیں۔ ان کا بس نہیں چلتا کہ اپنی موجودہ جاب کو چھوڑ کر ’’اپنے پیشن (passion) والا‘‘ اپنا کاروبار شروع کرلیں۔ اسی وجہ سے وہ ’’جہاں ان کی اپنی مرضی چلے، خود ہی باس ہوں، جب دل کیا کام پر گئے، جب مرضی ہوئی گھر آگئے وغیرہ‘‘ جیسے دل موہ لینے والے سپنے وہ روز دیکھتے ہیں۔
یقین مانیے دوستو اپنا کاروبار کرنے کی سوچ بہت ہی اعلیٰ ہے اگر اس کے ساتھ جڑی ہوئی غیر حقیقی باتیں شامل نہ ہوں تو۔ دراصل ایسی خوابی ذہنیت بنانے میں جہاں آج کل کے چند نام نہاد موٹیویشنل اسپیکرز کا ہاتھ ہے، وہیں ہمارے نوجوانوں کی اپنی کاہلی بھی ہے۔ جن کے نزدیک موجودہ جاب ایک فضول کام اور اپنے کسی کاروبار کا حصول فوری ممکن ہے۔ اور میرے حساب سے اسی سوچ کو ذرا پرکھنے اور بدلنے کی ضرورت ہے۔
تو جناب! وہ نوجوان جو اپنے کاروبار کا آغاز کرنا چاہتے ہیں ان کےلیے میرے اپنے مشاہدات، تجربات اور دوسرے لوگوں پر ریسرچ پر مبنی درج ذیل چند عملی مشورے حاضر خدمت ہیں۔ اگر دل مانے تو ان پر ضرور عمل کیجئے گا۔
1۔ آپ اس وقت جو بھی ملازمت کررہے ہیں اس کو بے کار یا وقت کا ضیاع مت سمجھیے۔ شکر کیجئے کہ آپ کسی روزگار پر موجود ہیں۔ کیونکہ موجودہ ملازمت سے حاصل کردہ تجربہ پوری زندگی آپ کے کام آنے والا ہے۔
2۔ اب اگر آپ کاروبار کا ارادہ رکھتے ہیں تو پہلے اپنی موجودہ جاب سے ملتا جلتا ہی کاروبار کرنے کا سوچیے، نہ کہ کسی بالکل نئے شعبے میں قسمت آزمائی کا۔ جیسے کسی اسکول میں کام کرتے ہیں تو اپنی اکیڈمی یا اسکول میں استعمال ہونے والی اشیا کا کاروبار۔ یا پھر موجودہ جاب میں استعمال ہونے والے دیگر کاموں کا۔ جیسے میرے اکثر بینکر دوست کوریئر کمپنی، اسٹیشنری، کمپیوٹر کے سائیڈ کاروبار کررہے ہیں۔
3۔ شروع میں پہلے سیکھنے کی غرض سے کسی کاروباری بندے کے ساتھ مل کر، سلیپنگ پارٹنر یا پارٹ ٹائم کے طور پر کاروبار میں حصہ لیجئے۔ فوری طور پر اپنی ملازمت کبھی مت چھوڑیئے، بلکہ موجودہ ملازمت کی نیٹ ورکنگ کو کاروبار کا آغاز کرنے میں استعمال میں لائیے۔
4۔ ابھی سیکھنے کے مراحل میں کبھی بھی زیادہ انویسٹمنٹ کے ساتھ داخل مت ہوں۔ سائیڈ پر رہ کر کاروباری اسرار و رموز کو دیکھئے اور سمجھیے۔ فوری اور زیادہ منافع کی لالچ میں نہ پڑیئے۔
5۔ ضرورت پڑنے پر اپنے نئے کاروبار میں اپنے بجائے کسی بھائی، رشتے دار یا کسی ملازم کو اجرت پر رکھیں۔ اپنی ملازمت کی قربانی ابھی مت دیجئے۔ اپنے اندر شکر گزاری کی کیفیت پیدا کرتے خوشی محسوس کیجئے کہ ملازمت کے ساتھ آپ کوئی کاروبار بھی سیٹ کرنے جارہے ہیں۔ جس کو مستقبل قریب میں آپ مکمل طور پر اپنا سکیں گے۔
6۔ اپنی موجودہ ملازمت اور نئے کاروبار کے درمیان ایک توازن پیدا کیجئے۔ کاروبار میں کسی مسئلے کو ملازمت پر اثر انداز مت ہونے دیجئے۔ اپنے ذہن میں یہ بات رکھیے کہ آپ کاروبار کو سیکھنے کے مرحلے میں ہیں۔
7۔ جب آپ کا نیا کاروبار ترقی کرنے لگے اور آپ کو حقیقی طور پر لگے کہ اب کاروبار کو آپ کا مکمل وقت درکار ہے تب اچھے طریقے و رویہ سے موجودہ ملازمت کو خیر باد کہئے، نہ کہ افراتفری میں تعلقات کو بگاڑتے ہوئے۔
تو دوستو یہ کچھ ایسی بنیادی باتیں ہیں جن پر ملازمت کے ساتھ کاروبار شروع کرتے وقت دھیان دینا، آپ کو بہت فائدہ دے سکتا ہے۔ یاد رکھیے کہ اپنا کاروبار سیٹ کرنا ملازمت کرنے سے زیادہ مشکل ہوتا ہے۔ جب مرضی، جب دل کیا، خود اپنے باس وغیرہ جیسی غیر حقیقی باتوں سے خود کو دور رکھیے۔ اگر آپ سنجیدگی کے ساتھ، اپنی انا اور جذبات کو سائیڈ پر رکھتے اور صبر کرتے ہوئے موجودہ ملازمت کے ساتھ کاروبار کا آغاز کریں گے تو کچھ ہی سال میں مکمل کاروباری شخصیت بن سکتے ہیں۔