نوکری کرنے والے افراد اکثر کام کے دباؤ کی وجہ سے تناؤ کا شکار رہتے ہیں اور ان دنوں عالمی وبا کورونا وائرس کی وجہ سے پہلے گھر سے کام کرنے اور اب واپس آفس آ کر کام کرنے کی وجہ سے اکثر لوگوں کی روٹین متاثر ہے۔
دفتر میں کام کے دباؤ کی وجہ سے ہم چڑچڑے پن کا شکار ہوجاتے ہیں اور بات بات پر غصہ کرنا بھی ہمارے مزاج میں شامل ہوجاتا ہے۔تناؤ اور چڑچڑا پن ہماری صحت کو وقتاً فوقتاً متاثر کر رہا ہوتا ہے اور بروقت اگر اس پر قابو نہیں کیا جائے تو یہ آگے جا کر بے شمار مسائل کا سبب بن سکتا ہے۔
آج ہم آپ کو دفتر کے کام کی وجہ سے ہونے والے تناؤ سے نجات حاصل کرنے کے چند طریقے بتانے والے ہیں جس پر عمل کرکے آپ خوشگوار زندگی گزار سکیں گے۔
یوگا صحت کے لیے بہترین ثابت ہونے کے ساتھ ساتھ تناؤ کی کیفیت سے نجات دلانے کے لیے بھی معاون سمجھا جاتا ہے، گہری لمبی سانس لینا اور یوگا کرنا آپ کے دفتری امور کے تناؤ کو ختم کر سکتا ہے۔
پسندیدہ مشغلہ ڈھونڈیں
اپنی روٹین میں کوئی ایسا مشغلہ اپنائیں جسے کرنا آپ کو پسند ہو اور آپ اس سے لطف اندوز ہوسکیں، ایسا کرنے سے آپ ان باتوں کے بارے میں نہیں سوچیں گے جو تناؤ کا باعث بنتی ہیں۔
دوست یا کسی قریبی سے بات کریں
دفتری امور کے تناؤ کو ختم کرنے کا ایک طریقہ یہ بھی ہے کہ آپ اپنے کسی دوست یا پیارے سے بات کریں اور ان سے مشورہ لیں، ایسا کرنے سے آپ کافی بہتر محسوس کریں گے۔
منفی لوگوں سے دور رہیں
ہمارے اردگرد ہمیشہ کچھ ایسے لوگ ضرور ہوتے ہیں جو آپ کو بھی منفی سوچنے پر مجبور کرتے ہیں اور اس وجہ سے آپ تناؤ کی کیفیت میں مبتلا ہوجاتے ہیں اس لیے ضروری ہے کہ آپ ایسے لوگوں سے دور رہیں۔