وفاقی کابینہ کا اجلاس، ‘حکومت ہر سال 10 ارب ڈالر کے قرضے واپس کر رہی ہے’وفاقی کابینہ کے جلاس میں بتایا گیا ہے کہ موجودہ دور حکومت میں ہر سال تقریباً 10 ارب ڈالر کے حساب سے قرضے واپس کیے جا رہے ہیں ۔سرکاری خبر رساں ادارے ‘اے پی پی’ کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس میں بتایا گیا کہ 3 کروڑ بچوں پر مشتمل اسکولوں میں تعلیم کا سلسلہ 30 ستمبر سے بحال ہو جائے گا جبکہ کورونا کے خلاف حفاظتی تدابیر بشمول ماسک کے استعمال پر سختی سے عمل کیا جائے گا۔وفاقی کابینہ کے اجلاس میں مالی سال 2018 سے 2020 میں حکومتی قرضوں اور ان کی واپسی کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔کابینہ کو آگاہ کیا گیا کہ موجودہ حکومت کو 30 کھرب روپے کا قرضہ ورثے میں ملا جس کی قسطیں ادا کرنے اور ملک کو دیوالیہ پن سے بچانے کے لیے حکومت کو مزید قرضے لینے پڑے جبکہ بیرونی قرضوں کی مد میں حکومت نے تقریباً 24 ارب ڈالر قرضہ حاصل کیا جس میں سے 2 ارب ڈالر عبوری دور حکومت میں اٹھایا گیا۔کابینہ کو بتایا گیا کہ بیرونی قرضوں کی مد میں گزشتہ دورِ حکومت میں ہر سال تقریباً ساڑھے 5 ارب ڈالر کی شرح سے قرضے واپس کیے جاتے تھے لیکن موجودہ دورِ حکومت میں ہر سال تقریباً 10 ارب ڈالر کے حساب سے قرضے واپس کیے جا رہے ہیں، جبکہ کورونا وائرس کی وجہ سے تقریباً ایک کھرب روپے کی آمدن متاثر ہوئی۔