سابق وزیراعظم اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں نوازشریف کی ہدایت پر ان کی صاحبزادی اور ن لیگ کی نائب صدر مریم نواز پنجاب بھر میں جلسے کریں گی۔ذرائع کے مطابق مریم نواز نے پنجاب بھر میں جلسے کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور پہلا جلسہ 16 اکتوبر کو گوجرانولہ میں ہوگا۔خیال رہے کہ گزشتہ دنوں لاہور ہائیکورٹ سے منی لانڈرنگ کیس میں عبوری ضمانت خارج ہونے کے بعد نیب نے اپوزیشن لیڈر شہبازشریف کو گرفتار کرلیا ہے۔اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کی گرفتاری کے بعد پاکستان مسلم لیگ کی نائب صدر مریم نواز نے بھی ہنگامی پریس کانفرنس میں کہا کہ شہباز شریف کی گرفتاری کسی جرم کی وجہ سے نہیں بلکہ اپنے بھائی کے ساتھ کھڑے ہونے کی وجہ سے ہوئی۔مریم نواز نے کہا کہ نوازشریف کی تقریر اور آل پارٹیز کانفرنس کے فیصلوں پر عملدرآمد ہوگا، تحریک چلے گی اور بھرپور طریقے سے چلے گی، نوازشریف جلد وطن واپس آکر اپوزیشن کی تحریک کی قیادت کریں گے۔