مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کا کہنا ہےکہ ش، ن اور م لیگ کی باتیں کرنے والوں کو پیغام مل گیا ہے کہ ہم اکٹھے ہیں۔ احتساب عدالت میں شہباز شریف کے خلاف منی لانڈرنگ کیس کی سماعت کے موقع پرمریم نواز بھی احتساب عدالت پہنچیں۔مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز اپنے چچا شہباز شریف سے اظہار یکجہتی کے لیے احتساب عدالت پہنچیں جب کہ ان کے ہمراہ مریم اورنگزیب اور احسن اقبال سمیت دیگر رہنما بھی موجود تھے۔مریم نواز کی عدالت آمد پر لیگی کارکنوں کی بڑی تعداد میں عدالت کے باہر جمع ہوگئی اور ان کی آمد پر نعرے بازی کی۔ نیب حکام نے اپوزیشن لیڈر شہباز شریف اور ان کے صاحبزادے حمزہ شہباز کو عدالت میں پیش کیا جہاں احتساب عدالت کے جج نے کیس پر مختصر سماعت کے بعد آدھے گھنٹے کا وقفہ کردیا جس کے بعد مریم نواز کی کمرہ عدالت میں شہباز شریف سے ملاقات ہوئی۔مریم نواز نے اپنے چچا زاد بھائی حمزہ شہباز کو تھپکی بھی دی اور انہیں بکتر بند میں عدالت لائے جانے کی مذمت کی۔عدالت میں گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ انہیں جتنی دہشت جمہوری قیادت سے ہے اور کسی سے نہیں، حکومت جو معیار سیٹ کر رہی ہے انہیں بھگتنا پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ اگلا سال الیکشن کا سال ہے اور گلگت بلتستان میں ن لیگ الیکشن جیتے گی۔مریم نواز کا کہنا تھا کہ ش لیگ، ن لیگ اور م لیگ کی باتیں کرنے والوں کو پیغام مل گیا ہے کہ ہم اکٹھے ہیں،کم ظرف لوگ 30 سال سے یہ باتیں کررہے ہیں، یہ خاندان اکٹھا ہے اور اکٹھا رہے گا۔لیگی رہنما نے مزید کہا کہ منہ پر ہاتھ پھیر کر چھوڑوں گا نہیں کہنا انتقام کا مظہر ہے، اب دیکھوں گا، یہ ہوگا، وہ ہوگا،کہنا بھی انتقام ہے جو نظر آرہا ہے۔