مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہےکہ امریکا میں بد زبانوں کو اٹھاکر باہر پھینک دیا گیا اور اب پاکستان میں بھی بدزبانوں کو اٹھاکر باہر پھینکیں گے۔نگر میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ (ن) لیگ گلگت بلتستان میں حکومت بنانے جارہی ہے، چوتھی مرتبہ نہ صرف گلگت میں بلکہ پاکستان میں (ن) لیگ اور نوازشریف کا سورج طلوع ہونے جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ انتخابات میں دھاندلی کی گئی تو عوام آپ کا گھیراؤ کرے گی، دھاندلی کا فیصلہ نا مسلم لیگ (ن) مانے گی نا گلگت بلتستان کے عوام مانیں گے، مہنگائی نے گھر اجاڑ دیے آپ کہتے ہیں گھبرانا نہیں۔مریم نواز کا کہنا تھا کہ بدزبانوں کو امریکا میں اٹھاکر باہر پھینک دیا گیا، پاکستان میں بھی بدزبانوں کو اٹھا کر باہر پھینکیں گے، سلیکٹڈ ریجیکٹڈ ہوا، اب یہ جا رہا ہے اور عوام کے الیکٹڈ آرہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پی پی سے ہمارا مقابلہ ہے لیکن بلاول پر ذاتی حملے برداشت نہیں۔انہوں نےکہا کہ گلگت میں چاہے سڑکیں ہوں، کینسر اسپتال ہو یا پل ہوں، یہ سب نواز شریف اور (ن) لیگ نے بنایا ہے اور گلگت والوں کی تکلیف کو آسان کردیا ہے، گلگت میں انفرا اسٹرکچر کی وجہ سے لاکھوں سیاح آئے، یہ انفرا اسٹرکچر بھی (ن) لیگ نے دیا ہے۔مریم نواز کا کہنا تھا کہ پاکسان کو آج جتنی بیماریاں لاحق ہیں، چاہے روٹی 30 روپے کی ہو، بجلی گیس کی قیمت میں اضافہ ہو، تمام مسائل کا ایک ہی حل ہے جس کا نام نواز شریف اور ن لیگ ہے، پاکستان میں موٹرویز بنانا اور پیٹرول کی قیمت کم کرنا، یہ سب نوازشریف کرتا ہے لیکن جھوٹے مقدمات جھیلنا اور ناحق جیل نوازشریف ہی کاٹتا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ اس حکومت کو ایک ہی کام آتا ہے جس کا نام انتقام، بدزبانی اور نوازشریف سے حسد ہے، عمران خان جیسے شخص کا نام لینے پر بھی تکلیف ہوتی ہے، اس کا نام بھی لینا نہیں چاہتی، میاں صاحب نے پہلے ہی کہہ دیا ہے تم چھوٹے ہو، سائیڈ پر ہو، یہ بڑوں کی لڑائی ہے، میری مجبوری ہے کہ مجھے عوام کے مجرم عمران خان کا نام لینا پڑتاہے لیکن جب علاج مقصود ہوتو بیماری کانام لینا پڑتا ہے۔لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ پاکستان کو آج جو بیماری لاحق ہے اس کا نام عمران خان ہے، دنیا میں کووڈ 19 اب آیا لیکن پاکستان میں 2018 میں یہ بیماری آگئی تھی جو ماسک پہننے سے نہیں جائے گی بلکہ اٹھاکر باہر پھینکنے سے جائے گی، اس بیماری نے ہماری وفاق کی اکائیوں، معیشت اور اداروں کی جڑوں کو کھوکھلا کردیا، اس حکومت کا احتساب کرنا ہے اور یوم احتساب قریب آرہا ہے۔انہوں نےکہا کہ عمران خان اور اس کے ساتھی جب منہ کھولتے ہیں تو اسے غلاظت ٹپکتی ہے۔