پاکستان مسلم لیگ (ن) کے جنرل سیکرٹری احسن اقبال نے انکشاف کیا ہے کہ حکومت کی طرف سے رابطے ہوئے ہیں لیکن اب بہت دیر ہوچکی ہے۔ اپوزیشن کی جانب سے اسمبلیوں سے استعفے کے ممکنہ اعلان پر وزیراعظم عمران خان نے ضمنی انتخابات کرانے کا اعلان کیا گیا ہے تاہم اب حکومت کی جانب سے اپوزیشن سے رابطوں کا بھی انکشاف ہوا ہے۔ احسن اقبال کا کہنا تھا کہ حکومت کی ٹانگیں کانپ رہی ہیں اور آکسیجن بھی لگا ہے۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ ایک سے زائد حکومتی شخصیات نے رابطہ کیا ہے لیکن جواب یہی دیا گیا کہ عمران خان استعفیٰ دیں، پھر کوئی بات ہوگی۔ انہوں نے یہ نہیں بتایا کہ کن لوگوں نے رابطہ کیا ہے اور کس سے رابطہ کیا ہے۔ خیال رہے کہ اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کی جانب سے قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے ارکان کو 31 دسمبر تک پارٹی قائدین کے پاس استعفے جمع کرانے کی ہدایت کردی گئی ہے۔