الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے تحریک انصاف فارن فنڈنگ کیس میں وزیراعظم عمران خان کو بطور پی ٹی آئی چیئرمین اور اسکروٹنی کمیٹی کو نوٹس جاری کردیا۔ الیکشن کمیشن ممبر خیبرپختونخوا ارشاد قیصر کی سربراہی میں 3 رکنی کمیشن نے اکبر ایس بابر کی درخواست پر سماعت کی۔ دوران سماعت اکبر ایس بابر کے وکیل احمد حسن کا کہنا تھا کہ اسکروٹنی کمیٹی سے بینک اکاؤنٹس اور فنڈز کی تفصیلات فراہم نہیں کی جارہی، پتہ ہی نہیں چلتا کہ دوسری پارٹی نے ریکارڈ جمع کروایا یا نہیں۔وکیل اکبر ایس بابر کا کہنا تھا کہ کم سے کم 6 انٹرنیشنل اکاؤنٹس، دو مخصوص امریکن کمپنی کی ٹرانزیکشن اور اسٹیٹ بینک کا ریکارڈ فراہم نہیں کیا گیا، سعودیہ عرب میں کوئی سیاسی جماعت اپنا دفتر نہیں کھول سکتی تو فنڈز کیسے وہاں سے آئے۔ درخواست گزاراکبرایس بابرنے الیکشن کمیشن سے اسکروٹنی کمیٹی کا ریکارڈ فراہم کرنے اور الیکشن کمیشن سے خود کیس کو دیکھنے کی استدعا کی۔ ممبر الیکشن کمیشن نے کہاکہ کمیٹی کی رپورٹ آجائے اس کے بعد معاملہ دیکھیں گے۔ الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان اور سکروٹنی کمیٹی کو نوٹس جاری کرتے ہوئے کیس کی سماعت 22 مارچ تک ملتوی کر دی۔