پاکستان کرکٹ بورڈ نے اعلان کیا ہے کہ دورہ بنگلہ دیش کے لیے قومی انڈر 19 کرکٹ ٹیم کی قیادت ابھرتے ہوئے نوجوان آلراؤنڈر قاسم اکرم کریں گے۔
18 سالہ قاسم اکرم نے گزشتہ سال جنوبی افریقہ میں کھیلے گئے آئی سی سی انڈر 19 کرکٹ ورلڈ کپ میں 46.50 کی اوسط سے 93 رنز بنانے کے ساتھ ساتھ 3 وکٹیں بھی حاصل کی تھیں۔
ایونٹ سے واپسی پر نوجوان بیٹنگ آلراؤنڈر کو عمدہ صلاحیتوں کی بدولت سینٹرل پنجاب میں شامل کیا گیا، جہاں انہوں نے ڈومیسٹک سیزن 21-2020 میں 8 فرسٹ کلاس، 12 لسٹ اے اور 10 ٹی ٹونٹی میچز کھیلے۔ وہ ایچ بی ایل پی ایس ایل 6 میں کراچی کنگز کے اسکواڈ کا بھی حصہ رہے۔
انہوں نے پاکستان کپ کے 12 میچوں میں ایک سنچری اور تین نصف سنچریوں کی بدولت 57.75 کی اوسط سے 462 رنزبنانے کے ساتھ ساتھ 4 وکٹیں بھی حاصل کیں۔ نوجوان آلراؤنڈر نے قائداعظم ٹرافی کی 14 اننگز میں تین نصف سنچریوں کی مدد سے 35.36 کی اوسط سے 389 رنز اسکور کیے، اس ایونٹ میں انہوں نے 13 وکٹیں حاصل کیں، جس میں ایک اننگز میں پانچ وکٹیں حاصل کرنا بھی شامل ہے۔
نیشنل ٹی ٹونٹی کپ میں قاسم اکرم نے 6 میچوں میں 72 رنز بنائے اور 3 وکٹیں حاصل کیں۔
قاسم اکرم، کپتان قومی انڈر 19 کرکٹ ٹیم:
قاسم اکرم کا کہنا ہے کہ پاکستان انڈر 19 کرکٹ ٹیم کی قیادت کرنا ان کے لیے ایک اعزاز ہے، اعتماد کا اظہار کرنے پر وہ ٹیم منیجمنٹ کے مشکور ہیں، گزشتہ ایک سال سے کارکردگی میں بتدریج بہتری آرہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈومیسٹک سیزن 21-2020 میں سینٹرل پنجاب کی نمائندگی کے دوران انہوں نے بہت کچھ سیکھا ہے، جس کا فائدہ اٹھانے کی کوشش کریں گے۔
قاسم اکرم نے کہا کہ وہ اپنی صلاحیتوں کو ٹیم کی قیادت میں بروئے کار لانے کی ہر ممکن کوشش کریں گے تاکہ آئندہ سال ویسٹ انڈیز میں شیڈول آئی سی سی انڈر 19 کرکٹ ورلڈکپ کی تیاریوں میں مدد مل سکے۔
انہوں نے کہا کہ دورہ بنگلہ دیش قومی انڈر 19 کرکٹ ٹیم کے لیے ایک مفید تجربہ ثابت ہوگا۔
دوسری طرف دورے کے لیے حتمی 17 رکنی قومی انڈر 19 کرکٹ ٹیم کا اعلان کردیا گیا ہے۔ فاسٹ باؤلر عاصم علی، اسپنر ارحم نواب اور بیٹسمین رضوان محمود حتمی اسکواڈ میں جگہ نہیں بناسکے تاہم یہ تینوں کرکٹرز اسکواڈ کی 17 اپریل کو بنگلہ دیش روانگی سے قبل تک تربیتی کیمپ کا حصہ رہیں گے۔
حتمی 17 رکنی اسکواڈ:
قاسم اکرم (کپتان) (سینٹرل پنجاب) ، عباس علی (خیبر پختونخوا) ، عبد الفصیح (ناردرن) ، عبدالواحد بنگلزئی (بلوچستان) ، عالیان محمود (سندھ) ، احمد خان (خیبر پختونخوا) ، علی اسفند (سینٹرل پنجاب) ، فہد منیر (سینٹرل پنجاب) ، فیصل اکرم (سدرن پنجاب) ، حسیب اللہ (وکٹ کیپر) (بلوچستان) ، معاذصداقت (خیبر پختونخوا) ، محمد عرفان نیازی (سینٹرل پنجاب) ، محمد شہزاد (سدرن پنجاب) ، منیب واصف (سینٹرل پنجاب) ، رضا المصطفٰی (وکٹ کیپر) (ناردرن) ، طاہر حسین (سدرن پنجاب) اور ذیشان ضمیر (سندھ)۔
اسپورٹ اسٹاف:
اعجاز احمد (ہیڈ کوچ اور ٹیم منیجر) ، عمران اللہ (ٹرینر) راؤ افتخارانجم (باؤلنگ کوچ) ، مہتشم رشید (فیلڈنگ کوچ) ، حافظ نعیم (فزیو تھراپسٹ) ، کرنل (ر) صفدر سعید (سیکورٹی منیجر) ، فیصل رائے (اینالسٹ) اور عماد احمد حمید (میڈیا منیجر)۔
نیا شیڈول:
17 اپریل: بنگلہ دیش روانگی
23 تا 26 اپریل: واحد چار روزہ میچ بمقام سلہٹ
30 اپریل: پہلا پچاس اوورز پر مشتمل میچ بمقام سلہٹ
2 مئی: دوسرا پچاس اوورز پر مشتمل میچ بمقام سلہٹ
4 مئی: تیسرا پچاس اوورز پر مشتمل میچ بمقام سلہٹ
7 مئی: چوتھا پچاس اوورز پر مشتمل میچ بمقام ڈھاکہ
9 مئی: پانچواں پچاس اوورز پر مشتمل میچ بمقام ڈھاکہ
10 مئی: وطن واپسی