سلطانز نے یونائیٹڈ کو ہرا کر پہلی مرتبہ ایچ بی ایل پی ایس ایل 6 کے فائنل میں جگہ بنالیکوالیفائر میں اسلام آباد یونائیٹڈ کو 31 رنز سے شکست عمدہ باؤلنگ پرفارمنس پر سہیل تنویر پلیئر آف دی میچ قرار ابوظہبی،21 جون 2021ء:ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ 6 کے کوالیفائر میں ملتان سلطانز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو 31 رنز سے شکست دے کر پہلی مرتبہ ایونٹ کے فائنل میں رسائی حاصل کرلی ہے۔ محض 17 رنز کے عوض 3 اہم کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھانے پر سہیل تنویر کو پلیئر آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔ 181 رنز کے تعافب میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی آدھی ٹیم صرف 61 رنز پر پویلین واپس پہنچ گئی تھی. کولن منرو اننگز کی دوسری گیند پر بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے. محمد اخلاق 10، کپتان شاداب خان صفر، افتخار احمد 16 اور آصف علی 1 رن بنا کر آؤٹ ہوئے. اس موقع پر اوپنر عثمان خواجہ نے مڈل آرڈر بیٹسمین حسین طلعت کے ہمراہ 50 رنز کی شراکت قائم کرکے اسلام آباد یونائیٹڈ کے مداحوں کو جیت کی امید دلائی. انہوں نے بلیسنگ مازرابانی کو ایک اوور میں 4 باؤندریز لگا کر میچ میں سنسنی بھی پھیلائی تاہم وہ 40 گیندوں پر 175 کے اسٹرائیک ریٹ کے ساتھ 70 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے. ان کی اننگز میں 9 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا. انہیں سہیل تنویر نے آؤٹ کیا. عثمان خواجہ کے آؤٹ ہونے کے بعد اسلام آباد یونائیٹڈ کی بیٹنگ ایک بار پھر لڑکھڑا گئی اور پوری ٹیم 149 رنز پر ہمت ہار گئی. حسن علی 10، محمد وسیم جونیئر 13، فہیم اشرف صفر اور حسین طلعت 25 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے. اسلام آباد یونائیٹڈ کی پوری ٹیم 19 اوورز میں 149 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی. ملتان سلطانز کے سہیل تنویر نے 17 رنز کے عوض تین. بلیسنگ مازاربانی نے 3 اور عمران طاہر نے 2 وکٹیں حاصل کیں.اس سے قبل ملتان سلطانز کے کپتان محمد رضوان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو ان کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان 180 رنز بنانے میں کامیاب رہی۔ملتان سلطانز کو اننگز کے آغاز میں ہی محمد رضوان کی صورت میں پہلا نقصان اٹھانا پڑا. کپتان محمد رضوان کو فاسٹ باؤلر عاکف جاوید نے آؤٹ کیا. دوسرے اوپنر شان مسعود بھی 25 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، انہیں شاداب خان نے آؤٹ کیا۔رائیلی روسو کھاتہ کھولے بغیر شاداب خان کا شکار بنے۔ یہ وہ موقع تھا جب 59 کے مجموعی اسکور پر ملتان سلطانز کی 3 وکٹیں گرچکی تھیں. ایسے میں ان فارم بیٹسمین صہیب مقصود نے 3 چھکوں اور 7 چوکوں کی مدد سے 59 رنز کی اننگز کھیلی۔ اس دوران جانسن چارلس نے بھی ان کا بھرپور ساتھ دیا. وہ 21 گیندوں پر 41 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے. ان کی اننگز میں 3 چھکے اور 3 چوکے شامل تھے۔تاہم مڈل آرڈر بیٹسمین خوشدل شاہ نے 22 گیندوں پر 5 چھکوں کی بدولت 42 رنز کی دھواں دھار اننگز کھیل کر ملتان سلطانز کا مجموعہ 180 تک پہنچا دیا. سہیل تنویر 12 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے. اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان اور فہیم اشرف نے 2،2 جبکہ عاکف جاوید نے ایک وکٹ حاصل کی۔