باجوڑ میں ضلعی انتظامیہ اور ایف سی نارتھ خیبر پختونخوا کے اشتراک سے محکمہ کھیل باجوڑ کے زیر انتظام پاکستان سپورٹس فیسٹول کا باقاعدہ آغاز ہوگیا۔ پاکستان سپورٹس فیسٹول میں ضلع باجوڑ کی تمام تحصیلوں سے کرکٹ، فٹبال، والی بال، ہاکی، باسکٹ بال اور ایتھلیٹکس سمیت دیگر اہم کھیلوں کی ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔ اس سلسلہ میں ضلع باجوڑ میں افتتاحی تقریب بڑے جوش و خروش سے منعقد ہوئی۔ افتتاحی تقریب کے مہمانان خصوصی کمانڈنٹ باجوڑ سکاوٹس اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر باجوڑ سجاد احمد تھے۔ اس موقع پرضلعی انتظامیہ، سکیورٹی فورسز کے حکام،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر علی رضا، ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر تاج وزیر، باجوڑ کرکٹ ایسوسی ایشن کے سابقہ صدر محمد اسماعیل، سپورٹس ایسوسی ایشنز کے صدور، کھلاڑیوں، نوجوانوں اور تماشائیوں کی ایک بڑی تعداد بھی موجود تھے۔ کمانڈنٹ باجوڑ سکاوٹس نے ڈی پی او سجاد احمد کے ہمراہ فیتہ کاٹ کر پاکستان سپورٹس فیسٹیول کا باقاعدہ افتتاح کیا۔ افتتاحی تقریب میں سپورٹس فیسٹول میں حصہ لینے والی ٹیموں نے مارچ پاسٹ کیا اور مختلف سکول کے بچوں نے ٹیبلوز پیش کئے جبکہ اتھلیٹکس اور جمناسٹک کا بھی شاندار مظاہرہ کیاگیا۔ اس کے علاوہ مقامی لوک فنکاروں نے اپنے فن کا مظاہرہ پیش کرتے ہوئے افتتاحی تقریب کو رنگین بنایا۔ اس موقع پر آئے ہوئے تماشائیوں نے ضلعی انتظامیہ اور فرنٹیئر کور نارتھ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے صحت افزا فیسٹول منعقد کروانے پر وہ ان اداروں کے شکر گزار ہیں۔پاکستان سپورٹس فیسٹول کی اختتامی تقریب 21 مئی کو ہوگی جس میں چاروں صوبوں کے ثقافتی اور کھانوں کے اسٹالز کے ساتھ ساتھ صوبہ پنجاب کے ثقافتی کھیلوں کی مختلف ٹیمیں حصہ لیں گی۔