باجوڑ میں انسداد پولیو مہم کا آغاز۔ ڈپٹی کمشنر باجوڑ شاہد علی خان نے ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر گوہر ایوب اور ایف ایس ایم او کے ہمراہ تحصیل خار کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا۔دورے کے دوران، انہوں نے یونین کونسل جار، یوسف آباد (یونین کونسل خار 2) اور جار رشید آباد سمیت دیگر مقامات پر پولیو ٹیموں کی کارکردگی کا جائزہ لیا اور بچوں کو انسداد پولیو قطرے پلانے کے عمل کی براہ راست نگرانی کی۔ انہوں نے ٹیلی شیٹس کی جانچ بھی کی۔ ڈپٹی کمشنر نے سول ڈسپنسری جار کا بھی دورہ کیا، جہاں طبی سہولتوں اور پولیو مہم کے انتظامات کا تفصیل سے جائزہ لیا۔سول ڈسپنسری جار میں ویکسین کی دستیابی کو بھی چیک کیا گیا۔ انہوں نے پولیو ورکرز سے ان کے مسائل کے بارے میں دریافت کیا اور سکیورٹی اہلکاروں کو پولیو مہم کے دوران حفاظتی انتظامات کے حوالے سے ضروری ہدایات جاری کیں۔