اسپیکر بلوچستان اسمبلی عبدالقدوس بزنجو کا کہنا ہے کہ اسمبلی ارکان کے استعفیٰ آئے تو انہیں ابتدائی طور پر قبول نہیں کروں گا تاہم بعد میں قانون کے مطابق فیصلہ کروں گا۔ میر عبدالقدوس بزنجو نے کہا کہ ملک کے وسیع ترمفاد اور معاشی صورتحال کو دیکھتے ہوئے ملک نئے انتخابات کا متحمل نہیں ہوسکتا لہٰذا جمہوری روایات کا تقاضہ ہے کہ منتخب حکومت پانچ سال مکمل کرے۔ انہوں نے کہا کہ اگرچہ اپوزیشن نے استعفیٰ دے دیے ہیں لیکن ان کے پاس اکثریت نہیں ہے، آئینی طور پر اپوزیشن کے استعفوں سے اسمبلیوں کو کوئی فرق نہیں پڑے گا۔ اسپیکر بلوچستان اسمبلی کا کہنا تھا کہ امید ہے کہ اپوزیشن اپنی پرامن احتجاجی تحریک جاری رکھے اور عوامی مسائل پر بات کرنے کے لئے پارلیمنٹ کا رخ کرے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بلوچستا ن اسمبلی میں اپوزیشن کا بہترین کردار رہا ہے لیکن حکومتی عدم توجہ کی وجہ سے اپوزیشن بھی مایوسی کا شکار ہے جس پر وزیراعلیٰ کو ذاتی طور پر بھی آگاہ کیا ہے کہ حکومتی وزراء کی اسمبلی میں حاضری کو یقینی بنائیں۔