وزیراعظم عمران خان نے چیلنج کیا ہے کہ اپوزیشن حکومت کو آئینی طریقے سے گھر بھیجنا چاہتی ہے تو تحریک عدم اعتماد پیش کرے۔ وزیراعظم نے کہا کہ اپوزیشن نے استعفے دیے تو حکومت ضمنی الیکشن کروا کے مزید مضبوط ہوجائے گی۔ اپوزیشن سے ہر ایشو پر بات کرنے کے لیے تیار ہیں مگر کرپشن کے مقدمات معاف نہیں کر سکتے۔ وزیر اعظم عمران خان نے سیالکوٹ میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم نیشنل ڈائیلاگ سے کبھی بھی پیچھے نہیں ہٹے ہیں، سیاسی ڈائیلاگ کی بہترین جگہ پارلیمنٹ ہے، میں نے پہلے دن کہا تھا پارلیمنٹ میں تمام سوالوں کے جواب دینے کو تیارہوں، جمہوریت تب چلے گی جب مکالمہ ہوگا۔ وزیراعظم نے کہا کہ ہم جوبات کرتے ہیں اپوزیشن کہتی ہے ہمارے مقدمات معاف کردیں، اپوزیشن رہنماؤں کے خلاف مقدمات ان ہی کے دور حکومت میں بنائے گئے، اسحاق ڈار، نوازشریف کے بچے، داماد سب گزشتہ دور میں بیرون ملک بھاگے ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ ہمیں کوئی مسئلہ نہیں ہر ایشو پر بات کرنے کو تیار ہیں لیکن ہم کسی بھی صورت میں این آراو پر بات نہیں کریں گے، ہم کرپشن مقدمات معاف نہیں کرسکتے ہیں۔