مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ سعد رفیق کا کہنا ہےکہ جھوٹ بولا جارہا ہے اراضی کھوکھربرادران کی نہیں، ریاستی غنڈہ گردی اور دادا گیری کی جارہی ہے، اس کا حساب دینا ہوگا۔لاہور کے علاقے جوہر ٹاؤن میں کھوکھر پیلس کےارد گرد انسداد تجاوزات آپریشن کے ردعمل میں سعد رفیق کا کہنا تھا کہ ہم چند ہزار لوگوں کو اکٹھا کرکے تماشا لگا سکتے تھے، لیکن مزاحمت نہیں کی۔سعد رفیق کا کہنا ہے کہ ایک طرف قومی اسمبلی میں تعاون کی بھیک مانگتے ہیں اور دوسری طرف ہمارے گھر گِراتے ہیں۔خیال رہے کہ جوہر ٹاؤن لاہور میں انتظامیہ نے کھوکھر پیلس کےارد گرد متعدد تعمیرات گِرا کر 38کنال زمین واگزار کرالی گئی۔گرائی جانے والی تعمیرات میں ایک مارکیٹ، کھوکھر برادران کے بھانجے طاہر جاوید اور اکمل کھوکھر کے گھر بھی شامل ہیں۔ ضلعی انتظامیہ کاکہنا ہےکہ یہ غیر قانونی تعمیرات تھیں جب کہ کھوکھر برادران کا کہنا ہے کہ حکم امتناع کے باوجود وزیراعظم کو خوش کرنے کے لیے آپریشن کیا گیا، پی ڈی ایم جلسوں میں متحرک کردار ادا کرنے کی سزا دی جارہی ہے۔