باجوڑنیوز(11فروری) باجوڑکے سلارزئی قبائل کے مشران کاسکیورٹی فورسز کیساتھ گرینڈ جرگہ ۔ سکیورٹی فورسز کے مکمل حمایت اور تعاون جاری رکھنے کا اعلان ۔کسی دہشت گرد کو پناہ نہیں دینگے ۔ سلارزئی کے مشران کا اعلان ۔ یہ اعلان منگل کے دن باجوڑ کے سلارزئی قبائل کے مشران نے باجوڑ سکاؤٹس ہیڈکوارٹر خار میں سکیورٹی فورسز کیساتھ ہونیوالے ایک گرینڈ جرگہ میں کیا ۔ جرگہ میں پاک فوج کے سیکٹر کمانڈر نارتھ بریگیڈیئر غلام محمد ملک ۔ کمانڈنٹ باجوڑ سکاوٹس کرنل سلمان خالد سمیت سلارزئی قبائل کے مشران نے شرکت کی ۔جرگہ سے خطاب میں پاک فوج کے سیکٹر کمانڈر بریگیڈیئر غلام محمد ملک نے کہا کہ سلارزئی قبائل نے قیام امن کیلئے بے پناہ قربانیاں دی ہیں اور ہم کو سلارزئی قبائل کے قربانیوں پر فخر ہے۔ جرگہ سے خطاب کرتے ہوئے قبائلی مشران نے کہا کہ باجوڑ میں امن بحال کرنے میں یہاں کے قبائل اور افواج پاکستان نے بہت قربانیاں دی ہیں اور قبائلی عمائدین امن کو برقرار رکھنے کیلئے افواج پاکستان کے شانہ بشانہ ہونگے اور کسی کو بھی علاقہ کا امن خراب نہیں ہونے دینگے ۔ قبائلی عمائدین نے کہا کہ ہم نے پہلے بھی قربانیاں دی ہیں اور آئندہ بھی امن کیلئے کسی قسم کی قربانی سے دریغ نہیں کرینگے ۔ جرگہ میں اس بات پر بھی اتفاق ہوا کہ ضلع باجوڑ میں چند گاوں ایسے ہے جہاں پر دہشتگرد اور جرائم پیشہ عناصر بغیر روک ٹوک کے گھومتے ہیں ان کی روک تھام کے لیے افواج پاکستان نے باجوڑ کے عمائدین کے تعاون سے کچھ چیک پوسٹ بنائی تاکہ ان دہشت گردوں اور جرائم پیشہ افراد کا خاتمہ کیا جا سکے۔جبکہ سلارزئی کے مشران اور سیکٹر کمانڈر نارتھ بریگیڈیئر غلام محمد ملک کے درمیان باجوڑ میں تحصیل کی سطح پر کمیٹیاں بنانے پر اتفاق ہوا جس میں ہر شعبے سے تعلق رکھنے والے افراد شامل ہوں گے جو اپنے علاقے کے مسائل سے سکیورٹی اداروں کو آگاہ کرینگے۔ جرگہ کے آخر میں قبائلی عمائدین نے اپنے علاقے میں سکولوں کے لیے اساتذہ کی کمی پوری کرنے، سڑکوں کی تعمیر اور بنیادی صحت کے مراکز کی دستیابی کا مطالبہ کیا ۔