ٹک ٹاک سے پابندی ہٹانے کیلئے فواد چوہدری سرگرم

0

وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے ٹِک ٹاک پر عائد پابندی ہٹانے کے لیے وزیراعظم کو خط لکھ دیا۔ فواد چوہدری کاکہنا ہے کہ ٹک ٹاک پر پابندی سے بین الاقوامی کاروبار اور پاکستان کی ٹیکنالوجی بیٹھ جائے گی، پابندی کے فیصلے پر نظر ثانی کی جائے۔ فواد چوہدری کاکہنا ہےکہ اس وقت ہم ڈیجیٹل ٹیکنالوجی پر زیادہ توجہ دے رہے ہیں، پولیس اہلکاروں کے لیے خصوصی اردو سافٹ ویئر تیارکررہے ہیں جس کے ذریعے ان کو ڈرون ٹیکنالوجی کے استعمال میں آسانی ہوگی۔  دوسری جانب وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے سیاسی ابلاغ شہبازگِل نے کہا ہےکہ غیر اخلاقی ویڈیوز کی وجہ سے ٹک ٹاک ایپ بند کی گئی، وزیر اعظم سے کچھ والدین نے اس بارے میں شکایت کی تھی اور ویڈیوز بھی بھیجی تھیں۔ شہباز گل کاکہنا تھاکہ ضابطہ اخلاق بنانے سے متعلق ٹک ٹاک انتظامیہ سے بات چیت جاری ہے، اگر ٹک ٹاک انتظامیہ نے اخلاقی ضوابط پر عمل کیا تو ایپ کو پاکستان میں دوبارہ بحال کردیں گے۔ خیال رہے کہ پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نےگذشتہ روز چینی سوشل میڈیا ایپ ٹک ٹاک پر پابندی عائد کرنے کا اعلان کیا تھا۔پی ٹی اے کے مطابق معاشرے کے مختلف طبقوں کی جانب سے ٹک ٹاک پر غیر اخلاقی اور غیر مہذب مواد کی موجودگی کی شکایات کی گئی تھیں جس کے بعد ایپ پر پابندی کا فیصلہ کیا گیا۔

You might also like
Leave A Reply

Your email address will not be published.